حیدرآباد ۔ 31 جولائی (سیاست نیوز) پرانا شہر میں یکم ؍ اگست کو بونال تہوار منایا جائے گا جبکہ پیر کو جلوس نکالا جائے گا۔ مرکزی بونال جلوس کیلئے صیانتی انتظامات کو مکمل کرلیا گیا ہے۔ مرکزی بونال جلوس کا آغاز لال دروازہ مندر سے ہوگا۔ ناگل چنتہ، آشا ٹاکیز، شاہ علی بنڈہ، مکہ مسجد، چارمینار اور پتھرگٹی علاقوں سے گذرتے ہوئے جلوس نیاپل پہنچے گا۔ اس جلوس کیلئے سخت صیانتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ جلوس کے راستوں پر سخت چوکسی اختیار کی جارہی ہے جس کے لئے 8 ہزار پولیس ملازمین بشمول اعلیٰ عہدیداروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ کمشنر پولیس حیدرآباد سٹی مسٹر انجنی کمار نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ پرانے شہر میں جلوس کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کو انجام دیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صبح 8 بجے سے یاتریوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگا۔ ہاتھی پر نکالے جانے والے جلوس کیلئے سخت بندوبست کیا گیا ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ مرکزی جلوس کے علاوہ پرانے شہر کے مختلف علاقوں جیسے ہری باؤلی، چندل لعل بارہ دری، گولی پورہ کے علاقوں سے چھوٹے جلوس ناگل چنتہ علاقہ میں مرکزی جلوس میں شامل ہوں گے۔ چھوٹے جلوسوں کیلئے بھی سخت بندوبست کیا گیا ہے اور جلوس کے راستوں پر نظر رکھی جائے گی اور انہیں سنٹرل کمانڈ کنٹرول سے جوڑتے ہوئے جائزہ لیا جائے گا۔ پرانے شہر کے علاوہ شہر کے دیگر 5 زونس میں سخت صیانتی انتظامات کو انجام دیا جارہا ہے۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ مرکزی جلوس کا شام 6 بجے نیا پل پر اختتام ہوگا۔
