پرانا شہر میں فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈز کا ویکسینیشن کیمپ

   

کثیر تعداد میں عوام نے کیا استفادہ ، شہر کے عوام میں ٹیکوں کا خوف نہیں
حیدرآباد :۔ دین اسلام میں غریبوں کو کھانے کھلانے اور ننگوں کو کپڑے پہنانے یا فراہم کرنے کو بہت بڑی عبادت قرار دیا گیا ہے ۔ اللہ تعالیٰ اس طرح کے کاموں پر بہت خوش ہوتے ہیں اور ایسے کام کرنے والے ہندوؤں کو بے شمار نعمتوں سے نوازتے ہیں ۔ اللہ کا شکر احسان ہے کہ ہماری ریاست تلنگانہ اور ہمارے شہر حیدرآباد میں ایسی رحمدل شخصیتیں اور ادارے ہیں جو ہمیشہ ہر بے بس و مجبور اور لاچار انسان اور حالات کے ستائے انسانوں کی ہر طرح سے مدد کے لیے تیار رہتے ہیں ۔ ان میں روزنامہ سیاست اس کے تحت چلائے جانے والے ملت فنڈ ، ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں ، فیض عام ٹرسٹ اس کے سکریٹری جناب افتخار حسین فیض عام ٹرسٹ کے دوسرے عہدہ دار اس کے عطیہ دہندگان ، ہیلپنگ ہینڈ اس کے صدر ڈاکٹر شوکت علی مرزا جیسی شخصیتیں اور ادارے شامل ہیں ۔ ان شخصیتوں اور ان کی قیادت میں چلائے جانے والے اداروں نے اپنی ریاست یا اپنے شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد کے پریشان حال عوام کی مدد ہی نہیں کی بلکہ فرقہ وارانہ فسادات ، آفات سماوی ، کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے دوران نافذ کردہ لاک ڈاؤن غرض ہر موقع پر کمزوروں ، مظلومین اور متاثرین کی بھر پور مدد کی اور بلالحاظ مذہب و ملت عوام کی مددکا ذریعہ بنے ۔ واضح رہے کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسین مہم بھی شروع کی گئی ۔ فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈز کی جانب سے پرانے شہر میں عوام کے لیے ویکسین کیمپ کا اہتمام کیا گیا جس سے کثیر تعداد نے استفادہ کیا ۔ گذشتہ سال اپریل سے لے کر آج کی تاریخ تک فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈز کی جانب سے بلا کسی وقفہ کے راشن کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے ۔ مذکورہ دونوں اداروں نے ایک ایسے وقت کورونا متاثرین کی مدد کا بیڑا اٹھایا جب متاثرین کے قریبی رشتہ دار بھی اپنی ذمہ داریوں سے فرار اختیار کررہے تھے ایسے میں فیض عام ٹرسٹ اور ہیلپنگ ہینڈز نے کورونا متاثرین کو ان کے اپنے گھروں پر علاج کی سہولت فراہم کی ۔ ڈاکٹروں سے مشاورت کا انتظام کیا ۔ ادویات کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ آکسیجن کانسنٹریٹرس فراہم کئے گئے ۔ لوگوں کی مدد کی مہم کے ایک حصہ کے طور پر لائٹ ہاوس نور خاں بازار میں میڈیکور ہاسپٹل کے اشتراک و تعاون سے ویکسینیشن کیمپ منعقد کیا گیا ۔ جہاں کثیر تعداد میں لوگوں کو ٹیکے دئیے گئے ۔ کیمپ میں کثیر تعداد میں عوام کی شرکت سے اندازہ ہوا کہ اب عوام میں کورونا ویکسین لینے کے تعلق سے کوئی غلط فہمی اور خوف نہیں پایا جاتا ہے ۔ واضح رہے کہ یہ کیمپ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین کی نگرانی میں منعقد کیا گیا ۔ اس موقع پر فیض عام ٹرسٹ کے ارکان ڈاکٹر مخدوم محی الدین ، جناب سید حیدر علی اور جناب کرار احمد اور ہیلپنگ ہینڈز کی جانب سے اس کے ٹرسٹیز پروفیسر سیدہ شمین فاطمہ ، جناب رضوان حیدر اور ڈاکٹر شوکت علی مرزا موجود تھے ۔ اس کارخیر میں جناب اعجاز حسین گلوبل کارپوریٹ سکریٹری تلنگانہ انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی سلیوشن کا اشتراک بھی قابل قدر رہا ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ حیدرآباد میں سیلاب کی تباہ کاریوں کے دوران اور بعد میں سیاست ملت فنڈ اور فیض عام ٹرسٹ نے متاثرہ عوام میں راشن ، تیار کھانے کے پیاکٹس ، ادویات ، ملبوسات ، ضروری سامان کی تقسیم میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے متاثرین میں نقد رقم بھی تقسیم کی گئی اور کافی لوگوں کو کاروبار شروع کر کے دئیے گئے ۔۔