حیدرآباد۔/3 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے پولیس کمشنر دفتر میں پولیس عہدیداروں اور بلدیہ کارپوریٹرس کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں خواتین کے تحفظ اور نوجوانوں کو وائٹنر کے استعمال سے روکنے پر توجہ دی گئی۔ پولیس کمشنر حیدرآباد انجنی کمار نے اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ پرانے شہر میں پلے گراونڈز اور دیگر سنسان مقامات پر مشتبہ افراد کی غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران کارپوریٹرس نے انہیں واقف کروایا کہ پرانے شہر میں ایسے کئی مقامات ہیں جہاں پر مشتبہ افراد غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ زون کی تنگ گلیوں میں بلو کولٹس پارٹیوں کی گشت میں شدت پیدا کردی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسے کئی نوجوان پرانے شہر کے مختلف علاقوں میں رات دیر گئے تک اپنا وقت ضائع کررہے ہیں اور بعض نوجوان وائٹنر کے استعمال کا شکار ہورہے ہیں۔ انجنی کمار نے کہا کہ آئندہ دنوں پرانے شہر میں غیر سماجی عناصر کے خلاف کارروائی کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔