پرانا شہر کے 38مشتبہ نوجوان زیر حراست

   

حیدرآباد۔/8 مارچ، ( سیاست نیوز) پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے 3 نوجوانوں کو ٹاسک فورس پولیس نے آج حراست میں لے لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بنڈلہ گوڑہ سے تعلق رکھنے والے رئیس ، کرما گوڑہ کے فصیح اور سعیدآباد کے عبدالصمد کو ٹاسک فورس پولیس نے حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ٹاسک فورس نے پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے جملہ 38 افراد کو حراست میں لیا ہے جن کے خلاف سابق میں پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔ واضح رہے کہ رئیس کو سال 2007 میں پی آئے مکہ مسجد بم دھماکے کیس میں ماخوذ کیا گیا تھا اور اسے عدالت نے بری کردیا تھا جبکہ آندھرا پردیش حکومت نے بیجا مقدمہ میں ماخود کرنے پر معاوضہ بھی دیا تھا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ نوجوانوں کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لیا گیا ہے اور باور کیا جاتا ہے کہ ان نوجوانوں کے سوشیل میڈیا اکاونٹس پر نظر رکھی جارہی تھی۔