روزانہ گھنٹوں ٹریفک جام کی صورتحال سے نمٹنے میں مدد ملے گی
حیدرآباد ۔ 25 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) تاریخی پرانا پل اور اطراف کے علاقوں میں روزانہ ٹریفک جام کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس نے قدیم پرانا پل کو چھوٹی گاڑیوں کیلئے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پرانا پل پر موجود غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کے ذریعہ جیا گوڑہ جانے والی ٹریفک کیلئے پل کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا۔ ٹو وہیلرس اور تھری وہیلرس کو قدیم پل سے گزرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے ۔ پرانا پل اور اطراف کے علاقوں میں روزانہ گھنٹوں ٹریفک جام کی صورتحال کا سامنا ہے ۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے گزشتہ دنوں علاقہ کا دورہ کرتے ہوئے ناجائز قبضوں کی برخواستگی کے اقدامات کئے تھے ۔ ٹریفک کے لئے قدیم پل کو بند کرنے کے بعد سے ترکاری اور فروٹس کے تاجروں نے عملاً قبضہ کرلیا ہے ۔ بریج کے دونوں جانب ان کی دکانات قائم ہوچکی ہیں۔ تاریخی پرانا پل موسیٰ ندی پر قطب شاہی سلاطین کے طور میں تعمیر کیا گیا تھا جو 600 فٹ طویل اور موسیٰ ندی کی سطح سے 54 فٹ بلندی پر ہے۔ پرانا پل کی 22 کمانیں ہیں۔ یہ حیدرآباد کا واحد پل ہے جو 1908 کی طغیانی میں محفوظ رہا تھا ۔ پرانا پل سے متصل نئے بریج کی تعمیر کے بعد ماہرین اور انجنیئرس کے مشورہ پر قدیم پل پر ٹریفک کو روک دیا گیا تھا ۔ حکام قدیم بریج کو سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کے لئے ترقیاتی منصوبہ کا جائزہ لے رہے ہیں ۔ ٹریفک مسائل سے نمٹنے میں پرانا پل سے ٹو اور تھری وہیلرس گا ڑیاں گزرنے کا فیصلہ معاون ثابت ہوا ہے۔ عوام نے بھی اس فیصلہ کا خیرمقدم کیا۔1