ٹوکیو، 24 نومبر (یو این آئی) ہندوستان کی پرانجلی پرشانت دھومل نے ٹوکیو میں منعقدہ 25ویں سمر ڈیفلمپکس میں 25 میٹر پسٹل ویمنز ایونٹ میں گولڈ میڈل جیتا۔ یہ ان کا دوسرا گولڈ اور تیسرا میڈل ہے ۔ پرانجلی نے فائنل میں 34 کا اسکور کیا، جو یوکرین کی ہیلینا موسینا سے دو پوائنٹس زیادہ تھا جنہوں نے سلور میڈل حاصل کیا۔ جیوون جئون نے 30 کے اسکور کے ساتھ کانسے کا تمغہ جیتا۔ انہوں نے شوٹ آؤٹ میں ہندوستان کی انویا پرساد کو ہرایا جو آخر میں چوتھے نمبر پر رہیں۔اس سے قبل پرانجلی نے 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم میں ابھینو دیسوال کے ساتھ گولڈ جیتا تھا جبکہ ابھینو نے مردوں کے 25 میٹر پسٹل ایونٹ میں بھی گولڈ حاصل کیا تھا۔ فائنل کی پہلی سیریز میں پرانجلی نے اپنے پہلے پانچ میں سے چار شاٹس لگائے اور نویں سیریز تک برتری برقرار رکھی جہاں وہ موسینا کے ساتھ 30 شاٹس پر برابر تھیں۔ دسویں اور آخری سیریز میں پرانجلی نے چار شاٹس لگائے جبکہ موسینا صرف دو ہی اسکور کرپائیں جس سے ہندوستانی شوٹر نے گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔