بنگلورو: عام آدمی پارٹی (عآپ) نے منگل کو کرناٹک کی ریاستی حکومت کے این پی ایس ملازمین کی جانب سے پرانی پنشن اسکیم (او پی ایس) کو دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی حمایت کی ہے۔ ریاستی اے اے پی کے نائب صدر بھاسکر راؤ، جو پارٹی قائدین کے ساتھ فریڈم پارک گئے تھے، نے اعلان کیا کہ اگر اے اے پی ریاست میں برسراقتدار آتی ہے تو این پی ایس کو جلد ہی ختم کردیا جائے گا اور او پی ایس کو لاگو کیا جائے گا۔ احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے بھاسکر راؤ نے کہا، پنجاب انتخابات کے دوران، عام آدمی پارٹی نے اقتدار میں آنے پر او پی ایس کو نافذ کرنے کا وعدہ کیا تھا۔ اسی کے مطابق، وہاں کی کابینہ نے نومبر میں او پی ایس کے نفاذ کی منظوری دی اور حکومت نے ایک گزٹ نوٹیفکیشن جاری کیا۔ گجرات میں بھی عآپ نے او پی ایس کو لاگو کرنے کی ضمانت دی تھی لیکن پارٹی وہاں اقتدار میں نہیں آئی۔ اگر ہم کرناٹک میں اقتدار میں آتے ہیں تو ہم اوپی ایس کو لاگو کرنے کے پابند ہیں۔ ہم انتخابی منشور میں اس کا واضح طور پر ذکرکریں گے اور لوگوں کو گارنٹی کارڈ جاری کیا جائے گا۔ عآپ ہمیشہ سرکاری ملازمین کے مفادات کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے۔ عآپ لیڈر اور سپریم کورٹ کے سینئر وکیل برجیش کلپا نے کہا مرکز اور ریاست میں بی جے پی حکومتوں کے لیے صرف سرمایہ دار تاجر ہی اہم ہیں۔ بی جے پی حکومت کو عام آدمی کی ضروریات بشمول ملازمین، مزدوروں، کسانوں، چھوٹے تاجروں کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔