یکم اپریل 2022 ء کے بعد ملک بھر میں کسی بھی گاڑی کا ازسرنو رجسٹریشن نہیں ہوگا
حیدرآباد۔14مارچ(سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے 15 سال پرانی گاڑیوں کے استعمال پر عائد کی جانے والی پابندی کے فیصلہ کے بعد مرکزی وزارت روڈ ٹرانسپورٹ و ہائی وے نے ملک بھر کی تمام ریاستوں میں 15سالہ قدیم سرکاری گاڑیوں کے از سر نو رجسٹریشن پر یکم اپریل 2022 سے پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا ہے اس سلسلہ میں مرکزی وزارت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ریاستی حکومتوں کو مرکزی حکومت کے فیصلہ سے واقف کروادیا گیا ہے اور جن گاڑیوں کی مدت 15 برس ہوچکی ہے ان تمام گاڑیوں کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کے فیصلہ کے تحت ریاستی حکومتوں اور مرکزی حکومت کے محکمہ جات میں استعمال کی جانے والی قدیم گاڑیوں کے از سر نو رجسٹریشن پر ایک سال کی مہلت فراہم کرتے ہوئے امتناع عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اگر کسی محکمہ کو اپنی گاڑیوں کو تبدیل کرنا بھی ہوتو وہ ایک سال کی مدت کے دوران گاڑیوں کو تبدیل کرلیں کیونکہ یکم اپریل 2022کے بعد ملک بھر کسی بھی سرکاری محکمہ کی گاڑی کا ازسر نو رجسٹریشن نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی ان کے استعمال کی اجازت حاصل رہے گی۔ حکومت نے ملک بھر میں ماحولیاتی و فضائی آلودگی پر قابو پانے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کئے تحت 15 سال پرانی گاڑیوں پر امتناع عائد کرنے کے ساتھ ساتھ الکٹرانک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کے اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور حکومت کے اس منصوبہ کے تحت سب سے پہلے سرکاری محکمہ جات میں استعمال کی جانے والی 15سال قدیم گاڑیوں کو ہٹایا جائے گا اور ان کے رجسٹریشن کی تجدید نہ کرتے ہوئے انہیں تلف کرنے کی تاکید کی جائے گی اس کے ساتھ ساتھ عوام کی جانب سے استعمال کی جانے والی 15سال سے زیادہ قدیم گاڑیوں کے رجسٹریشن کی تجدید کرنے کا سلسلہ ترک کیا جائے گا۔