نیویارک: امریکی ریاست کنیٹی کٹ میں ایک گھریلو نیلامی میں فروخت کیا گیا چینی کا پیالہ 15 ویں صدی کا نادر چینی پیالہ نکلا جس کی قیمت 3 لاکھ سے 5 لاکھ ڈالر کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے۔یہ پیالہ دو ہفتوں میں نوادرات اور قیمتی زیوروں کی نیلامی کرنے والی کمپنی (Sotheby’s ) سوتھبیز میں نیلامی کے لیے جائے گا۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ نوادرات کے بارے میں شوق رکھنے والے ایک شخص کو کنیٹی کٹ کے شہر نیو ہیون میں ایک گھریلو نیلامی کے دوران یہ پیالہ محض 35 ڈالر میں ملا تھا۔جب اس پر تحقیق کی گئی تو پتا چلا کہ اس قسم کے دنیا میں اب محض 7 پیالے باقی رہ گئے ہیں۔ یہ پیالہ ایک گھریلو نیلامی میں کیسے پہنچا یہ کسی کو معلوم نہ ہو سکا۔سفید رنگ کے اس پیالے کا قطر جس پر نیلے رنگ سے پھول اور پتیوں کا ڈیزائن بنایا گیا ہے 6 انچ ہے۔ اسے پچھلے برس نیلامی میں خریدنے والے شخص نے، جن کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، جب پہلی بار دیکھا تو اسے فوراً خیال گزرا کہ یہ خاص پیالہ ہے۔