پرانے شہر حیدرآباد میں گھنٹوں برقی سربراہی مسدود کرنے کی شکایتیں

   

مرمتی کام کا بہانہ ، محکمہ برقی کے طرز عمل سے شہری بدظن
حیدرآباد۔22 جولائی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں برقی سربراہی میں بہتری پیدا کرنے اور معیاری برقی سربراہی کو یقینی بنانے کیلئے مرمتی کاموں کے نام پر کئی کئی گھنٹے برقی سربراہی منقطع کی جا رہی ہے اور شکایت پر کہا جا رہاہے کہ مرمتی کاموں اور درختوں کو کاٹنے کیلئے برقی سربراہی منقطع کی گئی ہے۔ گذشتہ دو ماہ کے دوران پرانے شہرکے کئی علاقوں میں زائد از 4مرتبہ مرمتی کاموں کے نام پر 4تا6 گھنٹے برقی سربراہی منقطع کی جاچکی ہے اور ہر مرتبہ یہی کہا جا رہاہے کہ مرمتی کاموں کی تکمیل کے بعد برقی سربراہی بحال کردی جائے گی۔ پرانے شہر کے علاقوں مغلپورہ‘ شاہ علی بنڈہ ‘ تاڑبن‘ کالا پتھر‘ رنمست پورہ‘ مصری گنج کے علاوہ دیگر کئی علاقوں سے اس بات کی شکایات موصول ہورہی ہیں کہ ان علاقو ںمیں کئی گھنٹوں تک برقی سربراہی منقطع رکھی جا رہی ہے اور اس سلسلہ میں شکایات کے باوجود کوئی اطمینان بخش جواب نہیں دیا جا رہاہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد کے بیشتر حصوں میں اس طرح کی شکایت عام ہوچکی ہے اور اس مسئلہ کے حل کے سلسلہ میں اعلی عہدیداروں کی جانب سے اختیار کردہ رویہ کے متعلق عوام میں بدظنی پائی جاتی ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے ریاست میں بلا وقفہ معیاری برقی سربراہی کے دعوے کئے جارہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ ریاست تلنگانہ فاضل برقی پیدا کرنے والی ریاستوں میں شامل ہوچکی ہے اور ریاست میں برقی پیداوار کو مزید بہتر بناتے ہوئے دیگر ریاستوں کو فروخت کرنے کی بات کہی جا رہی ہے لیکن اس کے بر عکس شہر حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں کی جانے والی برقی کٹوتی کو یہ کہتے ہوئے نظر انداز کیا جا رہاہے کہ مرمتی کام اور سربراہی نظام کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اسی لئے برقی سربراہی منقطع کی گئی ہے جبکہ اگر پرانے شہر کے علاقوں شاہ علی بنڈہ‘ فلک نما‘ جہاں نما‘ انجن باؤلی ‘ چندرائن گٹہ ‘ سلطان شاہی کے علاقوں میں برقی کھمبوں کی حالت کا جائزہ لیا جائے تو برقی تار اور کھمبے بیل میں تبدیل ہوچکے ہیں اور کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔ محکمہ برقی تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن کمپنی لمیٹیڈ کی جانب سے اگر مرمتی کاموں کے لئے ہی برقی سربراہی میں خلل پیدا کیا جا رہاہے تو ایسی صورت میں کیوں ان برقی تاروں اور کھمبوں کی حالت کو بہتر نہیں بنایا جا رہاہے اور کیوں حالات جوں کے توں برقرار ہیں!عہدیداروں کا کہناہے کہ جن کاموں کیلئے برقی سربراہی منقطع کی جا رہی ہے ان کاموں کی تفصیلات سوشل میڈیا کے ذریعہ عوام تک پہنچانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں جبکہ گذشتہ دو ماہ کے کاموں کا جائزہ لیا جائے تو بارہا ان ہی کاموں کے لئے برقی سربراہی منقطع کی گئی ہے۔