پرانے شہر سے فرقہ پرستی کا خاتمہ وقت کا تقاضہ

   

حلقہ لوک سبھا حیدرآباد سے کانگریس کی کامیابی ترقی کی ضامن ، محمد ولی اللہ سمیر
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر حیدرآباد کانگریس کمیٹی و کانگریس کے امیدوار حلقہ لوک سبھا حیدرآباد محمد ولی اللہ سمیر نے کہا کہ مذہبی جذبات بھڑکانے والی مجلس اور بی جے پی سے حیدرآباد کو آزاد کرانے کا موقع آگیا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں پرانے شہر کی ترقی کو نظر انداز کرنے والوں کو سبق سکھائے اور سیکولرازم کا پرچم لہراتے ہوئے ترقی کا خیر مقدم کریں ۔ محمد ولی اللہ سمیر نے آج خیریت آباد کانگریس کمیٹی کے صدر روہن ریڈی تلنگانہ مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا راؤ حلقہ اسمبلی ملک پیٹ کانگریس کے امیدوار شیخ اکبر کے علاوہ دوسرے قائدین کے ساتھ اسمبلی حلقہ جات گوشہ محل اور ملک پیٹ میں روڈ شو منعقد کیا ۔ بعد ازاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمد ولی اللہ سمیر نے فرقہ پرستی کا خاتمہ کرتے ہوئے حیدرآباد لوک سبھا حلقہ پر سیکولرازم کا پرچم لہرانے رائے دہندوں سے اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہوں سے حیدرآباد کی ترقی کو نظر انداز کیا گیا ہے ۔ اب ریاست میں کانگریس کی حکومت ہے دیگر لوک سبھا حلقوں کی طرح حیدرآباد لوک سبھا حلقہ کی ترقی ہوسکتی ہے ۔ کانگریس کے امیدوار محمد ولی اللہ سمیر نے کہا کہ صدر مجلس و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد پارلیمنٹ میں اور نیشنل میڈیا میں قومی اور بین الاقوامی مسائل پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہیں مگر جس حلقہ کی وہ 20 سال سے نمائندگی کررہے ہیں ۔ اس حلقہ لوک سبھا حیدرآباد کے بنیادی مسائل ، تعلیمی ، معاشی پسماندگی ، بیروزگاری کے علاوہ دوسرے مسائل پر کبھی بات نہیں کرتے اور ان مسائل کو حل کرنے کی کبھی کوشش بھی نہیں کی ۔ جس طرح بی جے پی مذہبی جذبات کو بھڑکاتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھا رہی ہے ۔ اسی ایجنڈے پر مجلس عمل کرتے ہوئے رائے دہندوں کو بی جے پی اور دوسرے فرقہ پرست طاقتوں سے ڈرا دھمکاکر ووٹ حاصل کررہی اور رائے دہندوں کے جذبات کا استحصال کررہی ہے۔ وہ 2018 سے بحیثیت صدر حیدرآباد کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ اور صدر کانگریس کمیٹی حیدرآباد پرانے شہر کے عوامی مسائل کو موضوع بناتے ہوئے جدوجہد کررہے ہیں اگر جاریہ لوک سبھا انتخابات میں حیدرآباد کے عوام انہیں 13 مئی کو ووٹ دیتے ہوئے بھاری اکثریت سے کامیاب بناتے ہیں تو وہ حیدرآباد کی ترقی عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کریں گے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کو پرانے شہر کی ترقی کا روڈ میاپ پیش کریں گے ۔۔ 2