پرانے شہر میںپاسپورٹ سیوا کیندر کے قیام میںکوئی پیشرفت نہیں

   

حیدرآباد۔1۔ ستمبر (سیاست نیوز) شہر کے گنجان آبادی والے پرانا شہر کیلئے پاسپورٹ سیوا کیندر کیلئے مسلسل توجہ دہانی بے سود ثابت ہورہی ہے حالانکہ دونوں شہروں کے عوام کی سہولت کیلئے پاسپورٹ سیوا کیندر پر ہجوم میں بڑی تعداد پرانے شہر والوں کی ہوتی ہے لیکن پرانے شہر میں اب تک کوئی پاسپورٹ سیوا کیندر قائم نہیں کیا گیا اور نہ کوئی اقدامات کی اطلاع ہے۔ حلقہ پارلیمان حیدرآباد کی گنجان آبادیوں کیلئے پرانے شہر میں ایک بھی پاسپورٹ سیوا کیندر نہ ہونے سے پرانے شہر کے عوام کو مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ شہر میں امیر پیٹ‘ بیگم پیٹ کے علاوہ ٹولی چوکی میں پاسپورٹ سیوا کیندر ہیں لیکن پرانے شہر کے علاوہ ونستھلی پورم‘ ملک پیٹ ‘ ایل بی نگر ‘ شاہین نگر‘ راجندر نگر اور دیگر علاقوں کی عوام کی سہولت کیلئے اگر پرانے شہر کے کسی مقام پر پاسپورٹ سیوا کیندر قائم کیا جاتا ہے تو عوام کو کافی سہولت حاصل ہوگی ۔ چند برس قبل مرکزی وزارت خارجہ سے کی گئی نمائندگی کے بعد وزارت نے پرانے شہر میں پاسپورٹ سیوا کیندر کے قیام پر آمادگی ظاہر کی تھی لیکن اب تک کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ۔ نئے شہر میں پاسپورٹ سیوا کیندر کے استفادہ کنندگان میں پرانے شہر کے عوام کی بڑی تعداد کے باوجود انہیں سہولتوں کی فراہمی ان کے علاقہ میں نہیں ہے اور پرانے شہر کے عوام کا کہناہے کہ یہاں عوام کے مسائل اور سہولتوں کی فراہمی میں ریاستی و مرکزی حکومت کی ناکامی سے عوام مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ پرانے شہر میں پاسپورٹ سیواکیندر کے قیام سے صرف پرانے شہر کے عوام کو استفادہ کا موقع نہیں ملے گا بلکہ توسیع شدہ نئے علاقوں کے مکین بھی اس سے استفادہ کریں گے اور پرانے شہر کے عوام میں بھی ہنگامی حالات میں یا بوقت ضرورت پاسپورٹ بنانے کی بجائے دستاویز کے طور پر پاسپورٹ کی تیاری کے رجحان میں اضافہ ہوگا جو کہ شہریوں کیلئے نہ صرف شناختی سہولت بلکہ رائے دہی کے دوران شناخت و دیگر ضروریات کے تحت بھی کام آسکتا ہے۔م