سرکاری کالجس کے احاطہ میں تعمیر، مزید تین مقامات پر تعمیر کا منصوبہ
حیدرآباد۔/22ڈسمبر، ( سیاست نیوز) اقلیتی اقامتی اسکول سوسائٹی کی جانب سے حیدرآباد کے پرانے شہر علاقہ میں دو مقامات پر جونیر کالجس اور ہاسٹلس کی تعمیر کی راہ ہموار ہوچکی ہے۔ اقامتی اسکول سوسائٹی کیلئے اراضی الاٹمنٹ کے سلسلہ میں کمشنر بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل سے درخواست کی گئی تھی اور پانچ مقامات کی نشاندہی کی گئی جن میں سے دو مقامات کی منظوری حاصل ہوچکی ہے۔ سید عمر جلیل نے اس سلسلہ میں ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اراضی الاٹمنٹ سے واقف کرایا ہے۔ گورنمنٹ جونیر کالج فار گرلز نامپلی کے احاطہ میں 1346 مربع گز اراضی الاٹ کی گئی جبکہ گورنمنٹ جونیر کالج فار بوائز فلک نما کے احاطہ میں 1499 مربع گز اراضی الاٹ کی گئی۔ نامپلی میں جونیر کالج فار گرلز اور ہاسٹل کی تعمیر عمل میں آئے گی جبکہ فلک نما میں بوائز کیلئے جونیر کالج اور ہاسٹل کی عمارت تعمیر کی جائے گی۔ احکامات کے مطابق جونیر کالجس اور ہاسٹلس کیلئے الاٹ کردہ اراضی کیلئے کمپاونڈ وال تعمیر کیا جائے گا اور ان کے لئے علحدہ انٹرنس رہے گا تاکہ وہاں موجود تعلیمی اداروں کے کام کاج میں کوئی خلل نہ پڑے۔ اقامتی اسکول سوسائٹی کو عنقریب مزید تین مقامات پر اراضی کے الاٹمنٹ کی توقع ہے۔ واضح رہے کہ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود کی خصوصی دلچسپی سے وقف بورڈ نے 8 مقامات پر اقامتی اسکولوں کیلئے وقف اراضی الاٹ کی ہے۔ یہ الاٹمنٹ مامڑ پلی ضلع رنگاریڈی، حیات نگر ضلع رنگاریڈی، لال دروازہ حیدرآباد، کلثوم پورہ حیدرآباد، خیریت آباد اور کاروان شامل ہیں۔ مرکزی حکومت نے اسکولوں کی ذاتی عمارتوں کی تعمیر کیلئے فنڈز فراہم کئے ہیں۔ر