پرانے شہر میں انڈومنٹ اراضی پر قبضہ میں بی جے پی ملوث

   


ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین کا دورہ، اراضی کے تحفظ میں محکمہ انڈومنٹ ناکام
حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ پرانے شہر کے چندرائن گٹہ علاقہ میں انڈومنٹ اراضی پر ناجائز قبضہ کرنے والوں کا تعلق بی جے پی سے ہے۔ انہوں نے ناجائز قابضین کو پولیس کی مدد پر حیرت کا اظہار کیا۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ، پردیش کانگریس کے ترجمان جی نرنجن اور پرانے شہر سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین کے ایک وفد نے للیتا باغ پہنچ کر مندر کے تحت اراضی کا معائنہ کیا۔ انہوں نے گذشتہ دنوں پیش آئے واقعات کے بارے میں مقامی افراد سے بات چیت کی۔ مقامی افراد نے بتایا کہ گذشتہ کئی برسوں سے انڈومنٹ کی یہ اراضی مقامی کانگریس قائدین کی مساعی سے محفوظ تھی۔ انڈومنٹ ڈپارٹمنٹ سے اراضی کے تحفظ کے سلسلہ میں بارہا نمائندگی کی گئی لیکن محکمہ ناکام رہا۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ ہائی کورٹ میں معاملہ زیر التواء ہونے کے باوجود پولیس نے غیر مجاز قابضین کی تائید کی ہے۔ ہنمنت راؤ اور نرنجن نے اراضی پر قبضہ کے معاملہ کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بی جے پی اور مجلس کی جانب سے یہ کھیل کھیلا جارہا ہے۔ انہوں نے بی جے پی صدر بنڈی سنجے سے مطالبہ کیا کہ وہ اس بات کی وضاحت کریں کہ ناجائز قابضین کا تعلق بی جے پی سے ہے یا نہیں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو چاہیئے کہ وہ یہ اراضی غریبوں کیلئے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کیلئے استعمال کریں۔ کانگریس قائدین نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انڈومنٹ کی اراضی کی خریدی میں ملوث نہ ہوں۔ کانگریس قائدین نے علاقہ میں موجود مندروں کا دورہ کرتے ہوئے ان کے تحت موجود اراضیات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر کانگریس کے مقامی قائدین جی راجا رتنم، بی وینکٹیش، اے بھاسکر، ایس پی کرانتی کمار، ایم کرشنا کمار، جی کنہیا لال، پی راجیش، پرمود ریڈی، چندر شیکھر، پی راجندر، محمد عبدالعرفان، لکشمن چاری، شام مدیراج اور دوسرے موجود تھے۔