پرانے شہر میں ایک ہزار روپئے کیلئے نوجوان کا قتل

   

حیدرآباد ۔ 25 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : پرانے شہر کے علاقہ میں دل دہلا دینے والی قتل کی سنگین واردات پیش آئی جہاں محض ایک ہزار روپئے کی خاطر ساتھیوں نے ساتھی کا قتل کردیا ۔ 21 سالہ سید افروز کل رات دیر گئے ساتھیوں کے حملہ میں ہلاک ہوگیا ۔ پرانے شہر میں آئے دن خون ریز وارداتوں کا سلسلہ عام ہوگیا ہے ۔ لیکن قتل کی یہ واردات تشویش اور افسوس کا سبب بنی ہوئی ہے جہاں محض ایک ہزار روپئے کی خاطر ملزمین نے ساتھی کا قتل کردیا ۔ سید افروز آٹو ڈرائیور تھا ۔ اس نے اپنے ساتھی ابو سے دو ماہ قبل 5 ہزار روپئے قرض حاصل کیا تھا اور چار ہزار روپئے ادا کردئیے تھے ۔ محض ایک ہزار روپئے باقی تھا ۔ ان ایک ہزار روپیوں کیلئے چند روز سے ان کے درمیان بحث و تکرار جاری تھی ۔ ابو عرف افروز ، سہیل اور رضوان ، سید افروز سے جھگڑا کررہے تھے ۔ دو دن قبل مقتول نے ابو اور دیگر کو گالی گلوج کی تھی ۔ اس سے یہ تینوں برہم تھے اور بدلہ لینا چاہتے تھے انہوں نے قتل کی سازش کی اور کل رات سید افروز کو طلب کیا ۔ مئے نوشی کے بعد بحث شروع کی گئی اور چاقوؤں سے افروز پر حملہ کرکے ہلاک کردیا ۔ مائیلا دیو پلی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔ ع