حیدرآباد۔8 ۔اکتوبر (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے پرانے شہر میں برقی سربراہی کے موقف پر عہدیداروں کو ضروری ہدایات جاری کرنے کا تیقن دیا اور کہا کہ برقی سربراہی میں خلل سے متعلق شکایات کی یکسوئی کی جائے گی ۔ اسمبلی میں وقفہ صفر کے دوران مجلس کے رکن احمد پاشاہ قادری نے شکایت کی کہ پرانے شہر کے ساؤتھ زون علاقہ میں روزانہ 4 تا 6 گھنٹے برقی سربراہی میں خلل پڑ رہا ہے جس کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2011 ء سے ساؤتھ زون کے علاقہ میں برقی سربراہی میں بے قاعدگی کا تسلسل جاری ہے ، سابق میں حکومت نے ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کرتے ہوئے صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں عہدیداروں کی لاپرواہی کے سبب سب اسٹیشن کی منظوری کے باوجود تنصیب کا کام انجام نہیں دیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ کے تحت روزانہ کئی گھنٹوں تک برقی سربراہی میں خلل سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت ریاست میں برقی سربراہی میں بہتری کا دعویٰ کر رہی ہے لیکن شہر کا ساؤتھ زون علاقہ ابھی بھی توجہ کا طالب ہے۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے برقی سربراہی بہتر بنانے کیلئے ضروری اقدامات کا تیقن دیا۔ ر