پرانے شہر میں بوگس رائے دہی کے خلاف کانگریس کی الیکشن کمیشن سے شکایت

   

چندرائن گٹہ ، چارمینار اور بہادر پورہ میں دوبارہ رائے دہی کا مطالبہ، پارٹی امیدواروں پر حملہ کا الزام
حیدرآباد ۔یکم۔ڈسمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے رائے دہی کے موقع پر پرانے شہر کے اسمبلی حلقہ جات میں پارٹی امیدواروں پر حملہ کی شکایت کی ہے ۔ الیکشن کمیشن کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین جی نرنجن نے اس سلسلہ میں چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے شکایت کی ہے کہ پرانے شہر کے اسمبلی حلقہ جات چندرائن گٹہ ، چارمینار اور بہادر پورہ میں مجلس کی جانب سے بڑے پیمانہ پر دھاندلیاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کارکنوں پر چندرائن گٹہ ، چارمینار ، بہادر پورہ ، یاقوت پورہ اور ملک پیٹ میں حملے کئے گئے۔ بہادر پورہ ، چارمینار اور چندرائن گٹہ کے پارٹی امیدواروں کو پولنگ بوتھس میں داخلہ سے روکنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں کانگریس الیکشن ایجنٹس پر حملہ کرتے ہوئے انہیں پولنگ اسٹیشنوں سے باہر کردیا گیا۔ پولیس اور انتخابی عملہ نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ الیکشن کمیشن سے شکایت کی گئی ہے کہ کل شام پرانے شہر میں بڑے پیمانہ پر بوگس رائے دہی کی گئی۔ الیکشن کمیشن نے سی سی ٹی وی کیمروں کو نصب کیا تھا ، لہذا ریکارڈنگ کا جائزہ لینے کے بعد ہی رائے شماری کی اجازت دی جائے۔ کانگریس کی جانب سے کی گئی شکایات کا جائزہ لینے کے بعد ہی ووٹوں کی گنتی ہونی چاہئے ۔ نرنجن نے کہا کہ ووٹر انفارمیشن سلپ کی تقسیم کی ذمہ داری بوتھ سطح کے عہدیداروں کی ہے لیکن یہ سلپس مجلسی کارکنوں کے حوالے کردیئے گئے۔ نرنجن نے کہا کہ حیدرآباد میں رائے دہی کی فیصد میں کمی باعث تشویش ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سے شکایت کی گئی ہے کہ مجلس کے قائدین نے پولنگ اسٹیشنوں پر عملاً قبضہ کرلیا تھا۔ کانگریس نے پرانے شہر کے اسمبلی حلقہ جات چندرائن گٹہ ، چارمینار اور بہادر پورہ میں دوبارہ رائے دہی کا مطالبہ کیا ہے ۔