پرانے شہر میں بڈی باٹا پروگرام کے مثبت نتائج ،خانگی اسکولس پر سرکاری اسکولوں کو ترجیح دی جائے : حکام

   

یاقوت پورہ ، تالاب چنچلم ، چنچل گوڑہ کے سرکاری اسکولس میں 1000 طلبہ کا داخلہ
سٹی ماڈل اسکول چادر گھاٹ میں 300طلبہ نے داخلہ لیا

حیدرآباد۔ 24 جون (سیاست نیوز) عہدیداروں نے بتایا کہ سرکاری اسکولس میں طلبہ کے داخلوں میں اضافہ کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے شروع کردہ پروفیسر جئے شنکر بڈی باٹا پروگرام کے چارمینار منڈل میں مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ یاقوت پورہ، تالاب چنچلم، چنچل گوڑہ کے علاوہ پرانے شہر کے دیگر سرکاری اسکولس میں طلبہ کی تعداد میں قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ سال چارمینار۔I کے تحت 23 سرکاری اسکولس میں 4,441 طلبہ اور چارمینار۔II کے تحت 23 سرکاری اسکولس میں 4,414 طلبہ زیرتعلیم تھے۔ ان سرکاری اسکولس میں بڈی باٹا پروگرام کے ذریعہ جاریہ سال ایک ہزار سے زائد طلبہ داخلہ لیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بڈی باٹا پروگرام کے دوران ٹیچرس مختلف بستیوں اور گھروں کا دوروں کرتے ہوئے بچوں کے والدین کو بتایا کہ سرکاری اسکولس میں خانگی اسکولس سے زیادہ سہولتیں دستیاب ہیں۔ تعلیم یافتہ ٹرینڈ ٹیچرس موجود ہیں۔ اسکولس میں بنیادی سہولتیں بھی دستیاب ہیں۔ بچوں میں مڈ ڈے میل، یونیفارم اور کتابیں مفت تقسیم کی جارہی ہیں، لہذا والدین اپنے بچوں کو خانگی اسکولس میں شریک کرواتے ہوئے اپنی محنت کی کمائی ضائع نہ کریں بلکہ سرکاری اسکولس میں مفت تعلیم سے بھرپور استفادہ کریں۔ ٹیچرس کی اس کونسلنگ سے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور بڑے پیمانے پر عوام اپنے بچوں کو سرکاری اسکولس میں داخلہ دلا رہے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کارپوریٹ اسکولس کی طرز پر چادر گھاٹ میں 7 کروڑ روپئے کے خرچ سے سٹی ماڈل اسکولس کی عمارت تعمیر کی گئی ہے۔ طلبہ کیلئے تمام عصری سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں۔ سٹی ماڈل گورنمنٹ اسکول میں گورنمنٹ ہائی اسکول چادر گھاٹ (اولڈ)، کٹل گوڑہ 4 گورنمنٹ اسکولس اس میں چلائے جارہے ہیں جہاں انگلش میڈیم اسکولس بھی اس میں کام کررہے ہیں۔ گزشتہ سال اس اسکول میں 700 طلبہ زیرتعلیم تھے۔ اسکولس کی کشادگی کے دن (12 جون کو) 300 نئے طلبہ شریک ہوئے ہیں۔ یہاں پر چار سرکاری اسکولس میں 1000 سے زائد طلبہ کو تعلیم دی جارہی ہے۔ اس اسکول کے تعلیمی نتائج ماضی میں 65% تھے جو جاریہ سال بڑھ کر 75% تک پہنچ گئے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بڈی پاٹا پروگرام کے پرانے شہر میں مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ 2