عقیدت و احترام کے ساتھ علم مبارک کو ڈھٹی کی پیشکشی
حیدرآباد ۔ 11 ستمبر (سیاست نیوز) پرانے شہر میں یوم عاشورہ کے موقع پر بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ ریاستی وزیر فلم آٹوگرافی تلاساسانی سرینواس یادو نے علم مبارک پر ڈھٹی پیش کی اور انتظامات کا جائزہ لیا اور کافی دیر تک جلوس میں شامل رہے۔ بعدازاں نمائندہ سیاست شاہنواز بیگ سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں سب سے بڑا یوم عاشورہ کا جلوس پرانے شہر میں منعقد کیا جاتا ہے۔ اس بار تلنگانہ حکومت نے ہاتھی پر جلوس لے جانے کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر حیدرآباد کی طرح سکندرآباد میں بھی آئندہ سال سے یوم عاشورہ کے جلوس کا اہتمام کرنے اور بڑے پیمانے پر جلوس نکالنے کی ابھی سے تیاری کی جائے گی۔ انہوں نے یوم عاشورہ سے ایک روز قبل جی ایچ ایم سی اور برقی آبرسانی کے عہدیدار اور پولیس کمشنر کو ہدایت دی تھی کہ پرانے شہر میں پینے کے پانی، صاف صفائی اور پولیس کا خاص انتظام کرنے کی ہدایت دی تھی جس کی وجہ سے آج یوم عاشورہ کا پرامن اختتام عمل میں آیا۔ اس موقع پر وزیرداخلہ محمد محمود علی، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین موجود تھے۔ اس کے علاوہ جملہ 24 ماتمی انجمنوں کے ذمہ داروں نے یوم عاشورہ کے جلوس میں شرکت کی۔