پرانے شہر میں تاریخی ورثہ کی ہیرٹیج عمارتیں نظر انداز

   

Ferty9 Clinic

چو محلہ پیالیس، سردار محل، شاہ علی بنڈہ کلاک ٹاور، سٹی کالج کی عمارتیںبوسیدہ ، خستہ حالی کا شکار
حیدرآباد ۔/5 اگسٹ ( سیاست نیوز) حیدرآباد کے پرانے شہر میں ہیرٹیج تعمیرات خستہ حالت کا شکار ہو کر بوسیدہ عمارتوں میں تبدیل ہورہی ہیں۔ محکمہ آثار قدیمہ کے عہدیدار اس معاملے میں لاپرواہی و غفلت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ گزشتہ سال زبردست بارش کی وجہ سے سلطنت آصفیہ کی قیامگاہ چو محلہ پیالیس کی دیوار اور کھڑکی منہدم ہوگئی تھی ساتھ ہی چھٹویں نظام محبوب علی پاشاہ کی شریک حیات سردار بیگم چارمینار کے دامن میں واقع سردار محل میں قیام پذیر تھیں وہ عمارت بھی بوسیدہ ہوچکی ہے۔ شاہ علی بنڈہ کا کلاک ٹاور اور سٹی کالج کی عمارتوں کی برسوں کوئی مرمت و آہک پاشی نہیں ہوئی جس کی وجہ یہ عمارتیں خستہ حالت کا شکار ہوچکی ہیں۔ شاہ علی بنڈہ کلاک ٹاور سے متصل خانگی تجارتی سرگرمیاں جاری ہیں جس کی مرمت کیلئے ماضی میں کاموں کا آغاز ہوا تاہم فنڈز کی کمی کے باعث کاموں کو روک دیا گیا۔ سٹی کالج کی قدیم و تاریخی عمارت پوری طرح بوسیدہ ہوگئی ہے۔ بارش کے موسم میں پانی کلاس رومس میں داخل ہورہا ہے جس سے طلبہ پریشان ہیں۔ یوروپین طرز پر تعمیر کردہ چو محلہ پیالیس کی گزشتہ سال 27 جون کو خلوت میدان کے پاس کی دیوار کے اوپری حصہ میں واقع کھڑکی منہدم ہوگئی۔ مرمتی کاموں کیلئے لوہے کے راڈس لگائے گئے مگر ابھی تک مرمتی کاموں کا آغاز نہیں ہوا ہے جبکہ ہیرٹیج عمارتوں کو بغیر کسی نقصان کے مرمتی کام انجام دینا ہے لیکن اس سمت کوئی کام نہیں ہورہا ہے۔ تقریباً 2.90 لاکھ گز کے احاطہ پر وسیع تر علاقہ میں چو محلہ پیالیس تعمیر کیا گیا ہے اسی دور میں برقی کی عدم موجودگی کے وقت پیالیس میں بہترین روشنی کے انتظامات کو ملحوظ رکھتے ہوئے یہ پیالیس تعمیر کروایا گیا تھا۔ 1915 میں چو محلہ پیالیس کے باب الداخلہ پر بڑی گھڑی لگائی گئی تھی۔ بیرونی ساحوں کیلئے چو محلہ پیالیس پُرکشش ثابت ہوتا ہے اور انہیں اپنی طرف راغب کرتا ہے۔ جی ایچ ایم سی چارمینار زون کا آفس سردار محل میں موجود ہے یہ عمارت بھی خستہ اور بوسیدہ ہوگئی ہے اس کی بھی کوئی مرمت نہیں کی جارہی ہے۔ عمارت میں نظام دور کی سیڑھیاں ٹوٹ گئی ہیں اور ان ٹوٹی ہوئی سیڑھیوں سے ہی عوام اور عملے کا چلنا پھرنا ہے۔ کبھی بھی کوئی حادثہ پیش آسکتا ہے لیکن حکام کی جانب سے اس پر کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔