حیدرآباد ۔ 18 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز) : وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ جرائم کی روک تھام اور اس کے تدارک کے لیے ایک موثر اقدام کے طور پر پرانے شہر میں رات دیر گئے سڑکوں پر غذائی اشیاء کی دستیابی کو روک دیا جانا چاہئے ۔ وہ حیدرآباد بالخصوص ساوتھ زون میں قتل کی وارداتوں پر پولیس کمشنر انجنی کمار اور دیگر سینئیر عہدیداروں کے ساتھ یہاں منعقدہ ایک جائزہ اجلاس سے مخاطب کررہے تھے ۔ چہارشنبہ کو چندرائن گٹہ میں دن دھاڑے قتل کی واردات کے تناظر میں یہ جائزہ اجلاس منعقد کیا گیا تھا ۔ وزیر داخلہ نے اس اجلاس میں صورتحال کا جائزہ لیا اور پولیس کمشنر پر زور دیا کہ جرائم کی روک تھام اور ان کے تدارک کے لیے ممکنہ تمام اقدامات کئے جائیں کیوں کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اس طرح کے جرائم کا سخت نوٹ لے رہے ہیں ۔ محمود علی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پابندی سے چیکنگ کی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ پرانے شہر میں رات دیر گئے سڑکوں پر بنڈیوں پر غذائی اشیاء کی فروخت رک جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ قتل اور دوسرے گھناونے جرائم جیسے جرائم کو سخت چوکسی اور مشتبہ لوگوں پر گہری نظر رکھتے ہوئے روکا جاسکتا ہے ۔ اگر ضرورت ہو تو پرانے شہر میں زائد فورس کو تعینات کیا جاسکتا ہے ۔۔