کاماٹی پورہ اور بارکس میں فی کس 100بستروں کے ہاسپٹل کی تعمیر، نظامیہ طبی کالج کی ترقی کیلئے 33.70کروڑ کا منصوبہ
اکبر اویسی نے عہدیداروں کے ساتھ دواخانوں کا دورہ کیا،دبیر پورہ میں 50 بستروں کے ہاسپٹل کی تعمیر کا منصوبہ
حیدرآباد۔/23 اگسٹ، ( سیاست نیوز) حکومت نے پرانے شہر میں سرکاری دواخانوں کی ترقی اور بہتر طبی خدمات کیلئے 100کروڑ مختص کئے ہیں۔ اس رقم کے تحت بارکس، کاماٹی پورہ اور دبیر پورہ سرکاری دواخانوں میں 200 بستروں کا اضافہ ہوگا اور نظامیہ طبی کالج اور یونانی ہاسپٹل کی تزئین نو اور تعمیر و مرمت کے کام انجام دیئے جائیں گے۔ مجلس کے فلور لیڈر اکبر الدین اویسی نے آج منیجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل سرویسس اینڈ انفرااسٹرکچر ڈیولپمنٹ کارپوریشن چندر شیکھر ریڈی اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ نظامیہ طبی کالج کے علاوہ کاماٹی پورہ اور بارکس کے سرکاری دواخانوں کا معائنہ کیا۔ رکن اسمبلی ممتاز احمد خاں اس موقع پر موجود تھے۔ وزارت صحت نے کاماٹی پورہ میں 100 بستروں کے نئے ہاسپٹل کی عمارت کیلئے 42 کروڑ منظور کئے ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ نئی عمارت G+6 فلور کی ہوگی اور 94100 مربع فیٹ پر تعمیر کی جائے گی۔ ہاسپٹل میں تمام عصری سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ اکبر اویسی نے ٹنڈر کی عاجلانہ تکمیل اور تعمیری کام فوری شروع کرنے پر زور دیا۔ بارکس ایریا ہاسپٹل کے دورہ کے موقع پر عہدیداروں نے بتایا کہ بارکس پرائمری ہیلت سنٹر کو 100 بستروں کے ایریا ہاسپٹل میں تبدیل کرنے کی تجویز ہے موجودہ عمارت میں ایک فلور کا اضافہ کیا جائے گا اور 12.30 کروڑ سے تعمیری کام انجام دیئے جائیں گے۔ اکبر اویسی نے کھلی اراضی پر آؤٹ پیشنٹ بلاک تعمیر کرنے کی تجویز پیش کی۔ حکومت نے دبیر پورہ پرائمری ہیلت سنٹر کے احاطہ میں 50 بستروں کے ہاسپٹل کی منظوری دی ہے۔ نظامیہ طبی کالج اور یونانی ہاسپٹل کے مرمتی اور تزئین نو کے کام پر 33.70 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ اس تاریخی عمارت کے تحفظ کیلئے فوری اقدامات کریں۔ ہاسپٹل کے حکام نے درکار سہولتوں کے بارے میں عہدیداروں کو واقف کرایا۔ ہاسپٹل کی قدیم عمارت فوری مرمت کی متقاضی ہے۔
