29 پرائمری ہیلت سنٹرس ‘ یومیہ صرف 20 افراد کی ٹیکہ کے حصول کیلئے آمد
حیدرآباد :۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کورونا کا قہر جاری ہے ۔ مگر پرانے شہر میں احتیاط کرنے کو تیار ہے نہ کورونا ٹیکہ لینے میں دلچسپی دکھا رہے ہیں ۔ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جی ایچ ایم سی کے حدود میں کورونا کے 487 نئے کیسیس درج ہوئے ہیں ۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ وباء کتنی تیزی سے حیدرآباد میں پھیل رہی ہے ۔ لیکن پرانے شہر کے عوام احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے معاملے میں مجرمانہ غفلت سے کام لے رہے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے کورونا کے ٹسٹوں کی تعداد میں زبردست اضافہ کردیا گیا ہے اور ساری ریاست میں گذشتہ 2 دن سے مسلسل ایک لاکھ ٹسٹ کئے جارہے ہیں ۔ پرانے شہر اور اس کے اطراف واکناف کے 29 پرائمری ہیلت سنٹرس میں کورونا ٹیکہ دینے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ حکومت کی جانب سے یکم اپریل سے 45 سال عمر مکمل کرنے والے ہر شہری کو کورونا ٹیکہ دیا جارہا ہے اور کیسوں میں اضافہ کے ساتھ ہی کورونا ٹیکہ اندازی کی مہم میں بھی تیزی پیدا کردی گئی ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ پرانے شہر کے ٹیکہ مراکز سے روزانہ 100 لوگوں کو ٹیکہ دینے کا نشانہ مختص کیا گیا ہے مگر گذشتہ ایک ہفتہ سے روزانہ صرف 20 افراد ہی ٹیکہ لے رہے ہیں ۔ ایک طرف کورونا کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور شرح اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ لیکن پرانے شہر کے عوام ٹیکہ لینے میں دلچسپی نہیں دکھا رہے ہیں ۔ پرانے شہر کے مارکٹس اور بازار میں لوگوں کی کافی بھیڑ دیکھی جارہی ہے ۔ لوگ نہ ماسک لگا رہے ہیں اور نہ ہی فاصلاتی دوری برقرار رکھ رہے ہیں ۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے عوام کے اس رویہ پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔