ایم جی بی ایس میٹرو اسٹیشن کی عمارت میں 16 ستمبر سے آغاز
حیدرآباد یکم ستمبر ۔ (سیاست نیوز ) پرانے شہر کے عوام کیلئے پاسپورٹ سیوا کیندر کی سہولت 16ستمبر سے شروع ہوگی۔ مرکزی وزارت امور خارجہ نے حلقہ حیدرآباد کے حدودمیں پاسپورٹ سیوا کیندر قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔مہاتما گاندھی بس اسٹیشن میں موجود حیدرآباد میٹرو ریل اسٹیشن میں یہ پاسپورٹ سیوا کیندر قائم کیا جائے گا جہاں پاسپورٹ کیلئے درخواستوں کی وصولی و تصویر کشی ‘ درخواستوں کی تنقیح کا عمل کیا جائے گا۔ رکن پارلیمنٹ بیرسٹر اسدالدین اویسی نے اپنے X کھاتہ پر مطلع کیا کہ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن میٹرو کی عمارت میں پرانے شہر کیلئے پاسپورٹ سیوا کیندر قائم کیا جائے گا جو 16ستمبر سے کارکرد ہوجائے گا۔ پرانے شہر کے عوام کیلئے پاسپورٹ سیوا کیندر کی سہولت کیلئے کئی برسوں سے نمائندگیاں کی جارہی تھیں کیونکہ شہریوں کو شیخ پیٹ ٹولی چوکی ‘ بیگم پیٹ یا امیرپیٹ میں پاسپورٹ سیوا کیندرا کا رخ کرنا پڑرہا تھا ۔ پرانے شہر میں گذشتہ 10 برسوں سے کم از کم ’منی پاسپورٹ سیواکیندر‘ کے قیام کیلئے توجہ دہانی کروائی جاتی رہی ہے لیکن اب وزارت خارجہ کے فیصلہ کے مطابق پرانے شہر کے عوام کو سہولت کی خاطر ایم جی بی ایس میٹرو اسٹیشن میں مکمل سہولتوں کے ساتھ پاسپورٹ سیوا کیندرا قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ بیرسٹر اسد اویسی نے اپنے حلقہ میں پہلے پاسپورٹ سیوا کیندرا کے قیام کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ کسی بھی میٹرو ریل اسٹیشن کی عمارت میں پاسپورٹ سیواکیندرا کا قیام پہلا ہے ۔ اس پہلے پاسپورٹ سیوا کیندرا کے بعد اگر یہ تجربہ کامیاب ہوتا ہے تو دیگر مقامات پر بھی یہ مراکز قائم کرنے پر غور ہوگا۔ واضح رہے کہ ایم جی بی ایس میٹرو اسٹیشن میںسعودی VFS مرکز بھی کارکرد ہے جبکہ پنجہ گٹہ میٹرو ریل اسٹیشن میں بھی VFS موجود ہے اسی طرح مادھاپور میٹرو ریل اسٹیشن میں بھی امریکی ویزا سنٹر و VFS کے قیام کے بعدیہ مرکز بھی سرگرم خدمات انجام دے رہا ہے ۔ 3