پرانے شہر میں قمار بازی کا اڈہ بے نقاب، 7 افراد گرفتار

   

آرگنائزر کا کوئی اتہ پتہ نہیں، ٹاسک فورس و پولیس کی کارروائیاں مشکوک!
حیدرآباد ۔ 3 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ میں ٹاسک فورس اور پولیس کی کارروائیاں مشکوک ثابت ہورہی ہیں ۔ قمار بازی کے ٹھکانے کو بے نقاب کرنے والی ٹاسک فورس نے ٹھکانے سے (7) افراد کو گرفتار کرلیالیکن اصل آرگنائزر کا کوئی پتہ نہ چل سکا ۔ یہ ٹھکانہ پولیس کے مطابق جو عمارت کی تیسری منزل پر چلایا جارہا تھا بغیر آرگنائزر کے تھا یا پھر آرگنائزر کو کہیں غائب کردیا گیا ۔ ساؤتھ زون ٹاسک فورس اور کالا پتھر پولیس کی اس کارروائی میں 21,550/- روپئے نقد رقم اور (52) پلے کارڈز کے سیٹس کو ضبط کرلیا گیا ۔ کالا پتھر پولیس کے مطابق سید اکبر علی عرف ابو ، محمد معز ، سید خلیل ، سید سلیم ، سید ارشد حسین ، محمد سہیل ،محمد فیاض احمد کو حراست میں لیا گیا اور ان کے خلاف تلنگانہ گیمنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ۔ پولیس کے مطابق کالاپتھر پولیس اسٹیشن سے وابستہ سب انسپکٹر راجندرا نائیک اور ساؤتھ زون ٹاسک فورس کی جانب سے جگنو فنکشن ہال رنمست پورہ کالا پتھر میں کارروائی کی گئی ۔ ایک مکان میں تیسری منزل پر تین پتوں کے جوے کی پولیس کو خفیہ اطلاع ملی تھی۔ عام طورپر پولیس قماربازی ، قحبہ گری کے ٹھکانوں کیخلاف کارروائی کے بعد آرگنائزر کا نام اور پتہ دیتی ہے اور آرگنائزر کے بغیر ٹھکانے ممکن نہیں ہوتے لیکن اس کارروائی میں آرگنائزر کے بغیر ٹھکانہ تھا یا پھر آرگنائزر کو بچالیا گیا یاچھپادیا گیا یا پھر مبینہ طورپر اس کی پشت پناہی کی گئی پولیس ہی اس کا جواب دے سکتی ہے ۔ ع
چونکہ اس قمار بازی کے ٹھکانے کے خلاف کارروائی میں آرگنائز مفرور بھی نہیں بتایا گیا ۔ قماربازی کے خلاف پولیس اور ٹاسک فورس کی کارروائیوں کی پرانے شہر کی عوام خوب سراہنا کرتی ہے اور پولیس اور ٹاسک فورس کی ان کارروائیوں پر مسرت ظاہر کرتے ہوئے ایسی مزید کارروائیوں کی خواہش کرتی ہے تاکہ جوے اور نشہ کی لعنت سماج سے ختم ہوسکے لیکن اس طرح کے اقدامات شکوک و شبہات کا سبب بن رہے ہیں ۔ ع