پرانے شہر میں مئیر جی وجئے لکشمی کا دورہ ترقیاتی کاموں کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار

   

حیدرآباد۔مئیر حیدرآباد جی وجیہ لکشمی نے آج پرانے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی کاموں پر توجہ دیں اور عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنائیں۔ مسز وجے لکشمی نے میر عالم تالاب‘ راجندر نگر‘ سنتوش نگر‘ اویسی ہاسپٹل فلائی اوور‘ فلک نما برج کے علاوہ دیگر کاموں کا جائزہ لیا اور کاموں کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نالوں کے کاموں کو مانسون سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کے باوجود مکمل نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے میر عالم تالاب میں خودرو پودوں کے اگنے اور ان کی صفائی نہ ہونے پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی صفائی کی جائے ۔۔ انہوں نے راجندرنگر میں نالوں کی صفائی کے امور کا جائزہ لیا ہے اور کنچن باغ فلائی اوور کے کاموں کی سست رفتار پربرہمی ظاہر کی اور کہا کہ ترقیاتی کاموں کو معینہ مدت میں تکمیل مکمل کیا جائے اور جن میں تاخیر ہورہی ہے ان کی تفصیلات سے انہیں واقف کروایا جائے۔ مئیر نے فلک نما ریل اوور برج کے کاموں کا جائزہ لیا ہے اور برج کے نیچے نالے کی صفائی کے متعلق تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے برج کے کاموں کی رفتار پر عدم اطمینان ظاہر کرکے کہا کہ جلد کاموں کو مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات کو حل کیا جاسکے۔ مئیر نے زونل کمشنر ساؤتھ زون کو نالوں پر قبضے کی برخواستگی ‘ کچرے کی نکاسی و مانسون سے قبل اقدامات کے متعلق تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہو ںنے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹوں اور تکمیل کیلئے وقت کی تفصیلات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مئیر کے دورۂ کے موقع پر عوام نے کچرے کی عدم نکاسی اور رہائشی علاقوں میں بدبو وتعفن کے علاوہ پرانے شہر کو نظر انداز کرنے کی شکایات کی ۔