پرانے شہر میں مقامی اور غیر مقامی امیدوار ‘ موضوع بحث

   

حیدرآباد 20 اکٹوبر(سیاست نیوز) پرانے شہر کے حلقہ جات اسمبلی میں بھی مقامی اور غیر مقامی امیدواروں پر بحث و مباحث کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ۔ مجلس کے امکانی امیدواروں کے سلسلہ میں جاری قیاس آرائیوں کے دوران حلقہ یاقوت پورہ کے عوام میں بے چینی پیدا ہورہی ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ اگر غیر مقامی امیدوار اتارا جاتا ہے تو مجلسی کارکنوں میں ناراضگی کا خدشہ ہے۔ اسی طرح چارمینار حلقہ اسمبلی سے امیدوار کی تبدیلی پر اس حلقہ سے نیا امیدوار رکھنے کے مطالبہ میں شدت پیدا ہونے لگی ہے جبکہ بہادپورہ حلقہ سے امیدوار کو تبدیل کرنے کی قیاس آرائیاں جاری ہیں لیکن اس کی توثیق نہیں ہوپا رہی ہے کہ اگر حلقہ بہادرپورہ سے موجودہ رکن اسمبلی جناب معظم خان کو دوبارہ ٹکٹ نہیں دیا جاتا ہے تو اس حلقہ سے کون امیدوار ہوں گے!حلقہ یاقوت پورہ سے موجودہ رکن اسمبلی جناب سید احمد پاشاہ قادری کو صحت کی ناسازی کی بناء پر تبدیل کرنے کی اطلاعات ہیں جبکہ حلقہ چارمینار سے رکن اسمبلی جناب ممتاز احمد خان کو تبدیل کئے جانے کے اشارے ہیں ۔ کہا جار ہاہے کہ حلقہ اسمبلی چارمینار کے کارپوریٹرس میں کسی کو امیدوار بنایا جاسکتا ہے۔ حلقہ اسمبلی یاقوت پورہ سے سابق مئیر حیدرآباد جناب ماجد حسین کے نام کی قیاس آرائیوں کے بعد حلقہ یاقوت پورہ کے عوام میں ناراضگی پائی جانے لگی ہے جبکہ سابق مئیر کے علاوہ ایک غیر سیاسی شخصیت جس کا تجارتی گھرانہ سے تعلق ہے کا نام بھی زیر غور ہونے کی اطلاعات ہیں۔اسی طرح حلقہ چارمینار سے موجودہ اراکین بلدیہ کے ناموں پر غور کرنے کے علاوہ سابق مئیر جناب میر ذولفقار علی کے نام پر بھی غور کیا جاسکتا ہے ۔حلقہ بہادر پورہ سے امیدوار کی تبدیلی پر اس حلقہ سے کسی خاتون امیدوار کے انتخاب کی راہ ہموار کرنے کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ اس سلسلہ میں مجلسی قیادت کی جانب سے قطعی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے ۔جن حلقہ جات میں امیدواروں کو تبدیل کرنے کی قیاس آرائیاں ہیں ان میں مقامی قائدین کو ہی امیدوار بنانے کی تائید کی جا رہی ہے اور غیر مقامی امیدواروں کی صورت میں کارکنوں میں ناراضگی کے خدشات ظاہر کئے جانے لگے ہیں۔ذرائع کے مطابق مجلس اتحاد المسلمین آئندہ ماہ کے اوائل میں اپنے امیدواروں کا اعلان کرے گی جبکہ 3ارکان اسمبلی کی تبدیلی کے اشارے دیئے جارہے ہیں۔