پردیش کانگریس کے ترجمان جی نرنجن کا مطالبہ، کام کے آغاز میں تاخیر کی وجوہات پر سوال
حیدرآباد ۔10۔ فروری (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے ترجمان جی نرنجن نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پرانے شہر میں میٹرو ریل پراجکٹ پر عمل آوری کا وعدہ کافی نہیں ہے بلکہ حکومت کو پرانے شہر میں میٹرو ریل کے لئے فنڈس اور کاموں کے آغاز کی تاریخ کا اعلان کرنا چاہئے ۔ جی نرنجن نے کہا کہ چیف منسٹر اور ان کے فرزند پرانے شہر میں میٹرو ریل کے آغاز کے بارے میں بیانات دے رہے ہیں جبکہ حقیقت میں پراجکٹ کی کوئی تیاری نہیں ہے ۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ پراجکٹ کے کام کے آغاز اور اختتام کی مدت کے ساتھ فنڈس کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کے عوام کو اس بات کی وضاحت کی جائے کہ شہر کے دیگر علاقوں کی طرح پرانے شہر میں کام کے آغاز میں تاخیر کی وجوہات کیا ہیں ؟ انہوں نے کہا کہ 9 ڈسمبر 2014 ء کو منعقدہ کل جماعتی اجلاس میں مجلس نے پرانے شہر میں میٹرو ریل کی مخالفت کرتے ہوئے نئی روٹ کی تجویز پیش کی تھی۔ انہوں نے پہلے سے طئے شدہ روٹ کے مطابق میٹرو ریل چلانے کا مطالبہ کیا۔ نرنجن نے لال دروازہ کی مہانکالی مندرکیلئے چیف منسٹر سے 10 کروڑ روپئے کی نمائندگی کی ستائش کی اور کہا کہ کم از کم اکبر اویسی نے مہانکالی مندرکی 100 سالہ تاریخ کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اکبر اویسی مستقبل میں ہندو دیوی دیوتاؤں کے خلاف بیان بازی سے گریز کریں گے۔