حکومت کا بڑا اعلان ، برسوں کا انتظار ختم ، تعمیری کاموں میں تیزی پیدا ہونے کی توقع
حیدرآباد : یکم ڈسمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد کے پرانے شہر کے عوام کیلئے ایک بڑی خوشخبری سنائی ہے ۔ اولڈ سٹی میٹرو ریلوے کنکٹیویٹی پراجکٹ کو تیزی سے آگے بڑھانے اہم پیشرفت میں مالیاتی سال 2025-26 کے بجٹ میں ’ میٹرو کنکٹیویٹی اولڈ سٹی ‘ اسکیم کے تحت 125 کروڑ روپئے کی انتظامی منظوری جاری کردی ہے ۔ اس سلسلہ میں میٹرو پولیٹن ایریا اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ( بجٹ) ڈپارٹمنٹ نے پیر کو باقاعدہ جی او جاری کیا ۔ حکومت نے محکمہ فینانس کو ہدایت دی کہ جاری کردہ رقم فوری طور پر حیدرآباد ایئرپورٹ میٹرو لمٹیڈ کے اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے ۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہیکہ فنڈز کی تازہ اجرائی سے پرانے شہر میں میٹرو کی توسیع کے عملی کاموں میں تیزی پیدا ہوگی ۔ واضح رہے کہ پرانے شہر میں میٹرو ریل کی تعمیر کیلئے انہدامی کارروائیاں تقریباً مکمل ہوگئی ہیں اور تعمیری کام بھی جاری ہے ۔ حیدرآباد کے پرانے شہر میں میٹرو ریل کی تعمیر سے پہلے بنیادی اور تکنیکی تیاریوں کو انتہائی سنجیدگی سے مکمل کیا جارہا ہے ۔ ڈیفرنشیل گلوبل پوزیشننگ سسٹم (DGPS) کے ذریعہ بلا غلطی اور انتہائی باریکی کے ساتھ سروے کیا گیا جبکہ ڈرون سروے کا ڈیٹا بھی اس سے منسلک کیا جارہا ہے تاکہ زمینی حقائق کی جامع تصویر تیار کی جاسکے ۔ پرانے شہر کی سڑکیں اور زیرزمین نظام کئی دہائیوں قدیم ہے اس لئے میٹرو لائن کے راستے میں آنے والی زمین کے نیچے موجود پینے کے پانی کی پائپ لائنیں، سیوریج ، ڈرینج ، برقی ، ٹیلی کام کی تنصیبات کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا جارہا ہے ۔ پرانے شہر کے عوام کیلئے یہ پیشرفت اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ میٹرو کا خواب اب صرف وعدہ نہیں بلکہ حقیقت بنتا نظر آرہا ہے ۔2