پرانے شہر میں میٹرو ریل کی تیاری ، حصول جائیدادوں کے لیے نوٹس کی اجرائی

   

قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے موجودہ و سابقہ دفاتر کو بھی نوٹس ، تاریخی عمارتوں کو خطرہ لاحق
حیدرآباد۔15فروری(سیاست نیوز) پرانے شہر میں حیدرآباد میٹرو ریل کے کاموں کے سلسلہ میں نوٹسوں کی اجرائی کا عمل شروع کیا جا چکا ہے اور قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے موجودہ دفتر اور سابقہ دفتر بلدہ دارالشفاء کو بھی اس سلسلہ میں نوٹس کی اجرائی عمل میں لائی جا چکی ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جاری کردہ نوٹس کے مطابق مذکورہ اراضی حیدرآباد میٹرو ریل کے حوالہ کردی گئی ہے اور کہا جار ہا ہے کہ آئندہ چند یوم کے دوران یہاں حیدرآباد میٹرو ریل کے کاموں کا آغاز کردیا جائے گا۔ دارالشفاء میں واقع قدیم دفتر بلدہ حیدرآباد کی عمارت شہر کے آثار قدیمہ کی فہرست میں شامل ہے لیکن اس عمارت کو منہدم کیا جائے گا یا پھر اس عمارت کی تزئین نو کے ذریعہ محفوظ کیا جائے گا اس بات کی صراحت نہیں کی گئی ہے بلکہ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآبادکی جانب سے 7جنوری 2019کو ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے اس بات کی ہدایت دی گئی ہے کہ مذکورہ جائیداد میں موجود قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے دفتر کے بعض حصوں کے علاوہ قدیم دفتر بلدہ حیدرآباد کی عمارت کو حیدرآباد میٹرو ریل کے حوالہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ جملہ ایک ایکڑ اراضی حیدرآباد میٹرو ریل کے حوالہ کئے جانے کا منصوبہ ہے جس میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کا سابقہ اسٹور‘ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا اڈمنسٹریٹیو بلاک جو کہ فی الحال اڈمنسٹریٹیو آفیسر قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کا دفتر ہے۔اس کے علاوہ الیکشن اسٹوریج روم‘ پلاننگ بلاک شامل ہیں جنہیں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے حاصل کرتے ہوئے اسے حیدرآباد میٹرو ریل کے حوالہ کرنے کا منصوبہ تیا رکیا ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق پرانے شہر میں موجود اس قدیم تاریخی عمارت کو جی ایچ ایم سی کی جانب سے منہدم کرنے کا فیصلہ کیا جاچکا ہے اور کہا جا رہاہے کہ پرانے شہر کی ترقی کیلئے حیدرآباد میٹرو ریل کا مرکز اسی جگہ پر ہوگا۔ شہریوں بالخصوص تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے سلسلہ میں سرگرم کارکنوں کا کہناہے کہ تاریخی عمارت کی تزئین نو اور آہک پاشی کے ذریعہ اسے استعما ل کیا جاسکتا ہے اور اس عمارت کو کسی قسم کا نقصان پہنچائے بغیر اسے تاریخی اہمیت کے حامل حیدرآباد میٹروریل کے مرکز و اسٹیشن میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ تاریخی عمارتوں کے تحفظ کے لئے سرگرم کارکنوں کا کہناہے کہ شہر کی تاریخی عمارتوں کی اہمیت و افادیت کو برقرار رکھنے کیلئے انہیں باقی رکھنا بے حد ضروری ہے ان کارکنوں کا کہناہے کہ جب پائیگاہ کی عمارت میں امریکی قونصل خانہ شروع کیا جاسکتا ہے تو دارالشفاء میں موجود اس تاریخی عمارت کو بھی محفوظ کرتے ہوئے اسے قابل استعمال بنایا جا سکتا ہے۔