چیف منسٹر کو کانگریس ترجمان جی نرنجن کا کھلا مکتوب
حیدرآباد 6 فروری (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان جی نرنجن نے پرانے شہر میں میٹرو ریل پراجکٹ کی توسیع کے مسئلہ پر چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو کھلا مکتوب روانہ کیا ہے۔ اُنھوں نے مکتوب میں میٹرو ریل کو پرانے شہر میں توسیع دیئے جانے کا مطالبہ کیا اور کہاکہ پرانے شہر کی ترقی کے لئے میٹرو ریل پراجکٹ ناگزیر ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ میٹرو کاریڈور کے دوسرے مرحلہ کا چیف منسٹر کے ہاتھوں کل افتتاح عمل میں آئے گا۔ اُنھوں نے سوال کیاکہ میٹرو ریل کے کام میں موجودہ توسیع گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں کامیابی کے مقصد سے تو نہیں؟ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کے منصوبہ کے تحت جوبلی بس اسٹیشن تا فلک نما لائن کا کام مکمل کرنا ہے لیکن حکومت نے صرف جوبلی بس اسٹیشن تا مہاتما گاندھی بس اسٹیشن املی بن تک کام مکمل کیا ہے۔ اُنھوں نے املی بن پر کام روک دینے کے بارے میں چیف منسٹر سے وضاحت کا مطالبہ کیا۔ نرنجن نے الزام عائد کیاکہ مجلس کے دباؤ کے تحت پرانے شہر میں میٹرو ریل کا کام روک دیا گیا ہے۔ کے سی آر کے چیف منسٹر بننے کے بعد اسمبلی کے روبرو اور کوٹھی میں ریلوے لائن کی منظوری دے دی گئی حالانکہ چیف منسٹر بننے سے قبل کے سی آر نے اِس کی مخالفت کی تھی۔ 2014 ء میں منعقدہ کل جماعتی اجلاس میں حکومت نے میٹرو ریل سے متعلق کئی اہم اعلانات کئے تھے۔ منیجنگ ڈائرکٹر میٹرو ریل کو سروے کا کام مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ اجلاس میں شریک مجلس کے رکن اسمبلی اکبر اویسی نے پرانے شہر کے کاموں پر اعتراض جتایا تھا۔ نرنجن نے کہاکہ پرانے شہر کے عوام بھی میٹرو ریل کا مطالبہ کررہے ہیں لہذا اُن کے ساتھ حکومت کو انصاف کرنا چاہئے۔ پرانے شہر کے عوام کو نظرانداز کرنا ٹھیک نہیں ہے۔ اُنھوں نے فلک نما تک ریلوے لائن کی توسیع کے لئے فنڈس کی منظوری کا مطالبہ کیا۔