ایم جی بس اسٹیشن تا فلک نما راہداری کے پلرس کی تعمیر کا عنقریب آغاز
حیدرآباد۔23 ۔اگسٹ(سیاست نیوز) پرانے شہر میں میٹروریل کے کاموں کے آغاز کے سلسلہ میں مٹی کی جانچ کا عمل شروع کردیا گیا ہے اور آئندہ دو ہفتوں کے دوران پلرس کی تعمیر کے سلسلہ میں مٹی کی جانچ اور دیگر امور کی تکمیل ہوگی۔ ذرائع کے مطابق لارسن اینڈ ٹربو کمپنی مہاتمام گاندھی بس اسٹیشن تا فلک نما میٹرو راہداری جو کہ دوسری راہداری کا حصہ ہے اس کے تعمیری کاموں کی ذمہ داری اٹھائے گی ۔ ریاستی حکومت کی ہدایات کے بعد گذشتہ دنوں دیگر نئی اعلان کردہ راہداریوں کے متعلق تفصیلی پراجکٹ رپورٹ پیش کرنے اور نئے پراجکٹس کیلئے ٹنڈر کی طلبی کے سلسلہ میں اعلان کیا تھا جس میں پرانے شہر کی راہداری کا کوئی تذکرہ نہیں تھا۔ حکام نے آج ایل اینڈ ٹی کے ذمہ داروں کو پرانے شہر کی 5.5کیلو میٹر پر محیط راہداری پر کاموں کے آغاز اور مٹی اور زمین کی جانچ کے عمل کو شروع کرواتے ہوئے عوام کے شبہات کو دور کرنے کی کوشش کی اور کہا کہ ریاستی حکومت نے پرانے شہر کی راہداری کی تکمیل کی جو ہدایا ت جاری کی ہیں اس کیلئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں۔ راہداری سے متاثر ہونے والی جائیدادوں کے حصول کے سلسلہ میں نوٹسوں کی اجرائی اور علاقہ کے شراکت داروں سے مذاکرات کا عمل شروع کیا جا رہاہے ۔ شہر میں میٹرو ریل کے جال کو پھیلانے کے منصوبہ کا عمل مکمل کرنے کیلئے پرانے شہر کو میٹرو ریل سے جوڑنا ضروری ہے ۔ ذرائع کے مطابق آئندہ دو ہفتوں کے دوران فلک نما تا ایم جی بی ایس پلرس کے تعداد کے تعین کیلئے ان مقامات کی زمین کی جانچ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ پرانے شہر میں میٹروریل کے تعمیری کاموں کا آغاز ہونے کے بعد ان کی رفتار کافی تیز ہوگی کیونکہ تجربہ کار عملہ کمپنی کے پاس موجود ہے۔ مٹی کی جانچ کی رپورٹ موصول ہونے کے ساتھ ہی حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے تعمیری کاموں کی شروعات کردی جائے گی۔ ریاستی حکومت نے فوری طور پر پرانے شہر کی راہداری پر تعمیری کام شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔م
