پرانے شہر میں میٹرو ٹرین کے کاموں کا الیکشن کے بعد آغاز : این وی ایس ریڈی

   

حیدرآباد 6 مئی (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ کی پراجکٹ رپورٹ تیاری کے مرحلہ میں ہے۔ 70 کیلو میٹر پر مبنی 5 نئی راہداریوں کے ساتھ میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ کی رپورٹ ریاستی کابینہ کے اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کی جائے گی۔ حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ مرکزی حکومت سے فنڈس کیلئے پراجکٹ رپورٹ روانہ کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکز سے فنڈس کی منظوری کے بعد پراجکٹ کے کاموں کا آغاز ہوگا۔ این وی ایس ریڈی نے کہاکہ مہاتما گاندھی بس اسٹیشن تا فلک نما 5.5 کیلو میٹر میٹرو ریل کاموں کا لوک سبھا الیکشن کے بعد آغاز ہوگا۔ این وی ایس ریڈی کے مطابق دنیا کا کوئی بھی شہر بہتر عوامی ٹرانسپورٹ سسٹم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا۔ اُنھوں نے کہاکہ حیدرآباد کی تین راہداریوں پر میٹرو ریل کے آغاز سے 15.50 کروڑ لیٹر پٹرول اور ڈیزل کی بچت ہوئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ میٹرو ٹرین ایک محفوظ سفر ہے اور ٹریفک میں اضافہ کے حالات میں عوام کیلئے سہولت بخش ہے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ میٹرو ٹرین کے مسافرین کی تعداد میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ 1