9 برس میں صرف وعدے، صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ کا الزام
حیدرآباد۔/13جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے پرانے شہر میں میٹرو ٹرین پراجکٹ پر عمل آوری کے نام پر بی آر ایس حکومت اور مجلس پر پرانے شہر کے عوام کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا۔ صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ نے کے ٹی آر کی جانب سے میٹرو پراجکٹ کے سلسلہ میں ٹوئیٹ اور اسد اویسی کے بیان کو گمراہ کن قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 9 برسوں سے دونوں پارٹیاں پرانے شہر کے عوام کو جھوٹے وعدوں کے ذریعہ دھوکہ دے رہی ہیں۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ سابق کانگریس حکومت میں 2009 میں میٹرو پراجکٹ کا منصوبہ تیار کیا تھا جس میں پرانے شہر کو پراجکٹ سے مربوط کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کے سی آر نے 2014 میں برسراقتدار آنے کے بعد نہ صرف پراجکٹ میں تاخیر کی بلکہ پرانے شہر کی راہداری کو منصوبہ سے خارج کردیا۔ میٹرو ریل پراجکٹ کے بارے میں ہر تین ماہ میں بی آر ایس اور مجلس کی جانب سے عوام سے جھوٹے وعدے کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2022-23 اور 2023-24 بجٹ میں 500 کروڑ روپئے مختص کئے گئے جن میں 100 کروڑ روپئے سڑکوں کی توسیع اور جائیدادوں کے حصول پر خرچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر، وزیر بلدی نظم و نسق اور وزیر فینانس نے اسمبلی میں بارہا میٹرو پراجکٹ کے کاموں کا آغاز کا وعدہ کیا لیکن 9 برسوں میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ نے پرانے شہر میں فلک نما تک ریلوے لائن کا سروے مکمل کرلیا لیکن حکومت کی جانب سے پراجکٹ میں کوئی دلچسپی نہیں دکھائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر اور اسد اویسی ٹوئٹر پر پراجکٹ کا وعدہ کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ ان دونوں کو پراجکٹ کے آغاز میں ناکامی پر عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہیئے۔ر