پرانے شہر میں وبائی امراض میں اضافہ باعث تشویش

   

صحت و صفائی کے ناقص انتظامات ، صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کا الزام
حیدرآباد ۔3۔ جولائی (سیاست نیوز) حیدرآباد اور بالخصوص پرانے شہر میں وبائی بخار ، ڈینگو اور دیگر وبائی امراض میں اضافہ باعث تشویش ہے اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن مانسون ایکشن پلان کی تیاری میں ناکام ہوچکا ہے ۔ حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر سمیر ولی اللہ نے کہا کہ مانسون کی آمد کے باوجود جی ایچ ایم سی حکام وبائی امراض پر قابو پانے کے اقدامات میں ناکام رہے۔ پرانے شہر کے مجلسی ارکان اسمبلی اور کارپوریٹرس کی لاپرواہی کے نتیجہ میں وبائی امراض میں اضافہ ہوا ہے ۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کی جانب سے مچھرکش ادویات کا چھڑکاؤ نہیں کیا گیا۔ اس کے علاوہ صحت و صفائی کے انتظامات ناقص ہیں۔ بارش کے نتیجہ میں پرانے شہر کے کئی علاقے زیر آب نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچرے کی عدم نکاسی کے سبب عوام مختلف وبائی امراض کا شکار ہورہے ہیں۔ گزشتہ 10 دنوں میں گاندھی ہاسپٹل میں 2500 سے زائد افراد رجوع کئے گئے ۔ اس کے علاوہ عثمانیہ اور فیور ہاسپٹل میں وبائی امراض کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ روزانہ 600 سے زائد افراد رجوع ہورہے ہیں۔ زیادہ تر مریضوں کا تعلق پرانے شہر سے ہے ۔ جون میں ڈینگو کے 120 کیسس درج کئے گئے جن میں 65 کا تعلق پرانے شہر سے ہے۔ سمیر ولی اللہ نے جی ایچ ایم سی سے مطالبہ کیا کہ وبائی امراض کی روک تھام کیلئے ہیلت اسکریننگ کیمپس کا اہتمام کریں اور بستی دواخانوں میں عوام کو امراض سے بچاؤ کیلئے ضروری ادویات سربراہ کریں۔ر