پرانے شہر میں کارڈن سرچ و مشن چبوترہ مہم

   

پولیس کا مخبروں پر انحصار، عوام مخبروں کی سرگرمیوں سے پریشان حال

حیدرآباد ۔ 9 ستمبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ میں جاری کارڈن سرچ اور چبوترہ مشن میں پولیس کا مخبروں پر انحصار کرنا عوام میں تشویش کا سبب بنا ہوا ہے۔ مقامی مخبروں کی اطلاعات پر اقدامات اور کارروائیوں کے پولیس پر الزامات پائے جاتے ہیں اور کئی علاقوں کے عوام نے اس بات کی شکایت کی ہے حالانکہ چبوترہ مشن کو بہترین اقدام قرار دینے والے عوام بھی اب مخبروں کی سرگرمیوں سے پریشانی کا شکار ہونے لگے ہیں اور پولیس کمشنر سے سوال کرنے لگے ہیں کہ آیا پولیس بغیر مخبروں کے اقدامات کیوں نہیں کرسکتی۔ سوشل میڈیا اور یوٹیوب چیانلوں سے وابستگی کی آڑ میں خانگی فینانسرس اور پولیس کے مخبر ان دنوں سرگرم ہوگئے ہیں اور خاص کر خصوصی مہم اور آپریشن کے دوران ان کا زور عوام میں خوف و ہراسانی کا سبب بن گیا ہے۔ میڈیا سے وابستگی اور تفصیلات کا پوچھنا بھی عوام کیلئے مہنگا ثابت ہورہا ہے چونکہ چند پولیس ملازمین سے ان کے قریب عوام کیلئے مہنگی ثابت ہورہی ہے۔ پولیس ملازمین اور انسپکٹران پولیس کو اطلاعات فراہم کرنے کی آڑ میں مقامی مخبر اپنی خصومت نکال رہے ہیں۔ جرائم پر قابو پانے اور امن و امان کی برقراری کیلئے اقدامات کرنے والی پولیس کو چا ہئے کہ وہ جرائم پیشہ افراد کے ساتھ سختی سے نمٹے اور مخبروں کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھیں اور عام عوام کے ساتھ جرائم پیشہ افراد جیسا سلوک نہ کریں۔ کل رات آئی ایس سدن پولیس اسٹیشن حدود میں منعقدہ چبوترہ مشن پولیس پر تنقید کا سبب بن گیا ہے۔ ایک پولیس عہدیدار کی جانب سے عام شہری کی موٹرسائیکل پر گھومنا اور نظم و ضبط کے اقدامات کرنا تنقیدوں کا سبب بنا ہوا ہے حالانکہ چبوترہ مشن کے اقدام کی عوام نے ستائش کی اور اس اقدام کو ضروری قرار دیتے ہوئے نوجوان نسل کو بگاڑ سے بچانے کا ذریعہ قرار دیا لیکن پولیس عہدیدار کی عام شہری کے ساتھ گشت پر بے چینی کا اظہار کیا اور کمشنر پولیس سے درخواست کی کہ وہ پولیس ملازمین کو ایسی حرکتوں سے باز رکھنے کے اقدامات کریں۔ع