پرانے شہر میں کورونا ٹیکہ اندازی مہم کیلئے مذہبی شخصیتوں کی خدمات

   

خانقاہوں، درگاہوں اور مدارس میں کیمپس کی ضرورت، سعید قادری

حیدرآباد۔29اگسٹ(سیاست نیوز) پرانے شہر میں کورونا وائرس ٹیکہ اندازی کی رفتار سست ہے اور عوام میں شعور اجاگر کیا جانا ضروری ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے پرانے شہر میں عوام کے درمیان شعور اجاگر کرنے کیلئے مذہبی شخصیتوں کی خدمات حاصل کرنے پر غور کیا جار ہاہے اور جاریہ ہفتہ کے دوران پرانے شہر کے علاقوں میں ٹیکہ اندازی مہم کو تیز کرنے کیلئے مذہبی شخصیات کے ساتھ بات چیت کا جائزہ لیا جا رہاہے تاکہ وہ شہریوں میں کورونا وائرس کے ٹیکہ کے متعلق خدشات کو دور کرنے میں محکمہ صحت اور حکومت کا تعاون کریں۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں 100 فیصد ٹیکہ اندازی کے نشانہ کی تکمیل کے لئے ہر شہری کو کورونا وائرس کے ٹیکہ کے حصول کے لئے آگے آنا چاہئے اور اس مقصد کی تکمیل کے لئے دونوں شہروں میںعوام کے درمیان اور مذہبی مقامات پر مہم چلانے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔جی ایچ ایم سی کی جانب سے قادریہ انٹرنیشنل کے دفتر واقع سعید منزل روبرو درگاہ حضرت خواجہ محبوب اللہ ؒ میں 4 روزہ ٹیکہ اندازی کیمپ کے دوران 400 سے زائد افراد کو ٹیکہ دیئے جانے کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد محکمہ صحت سے اس بات کا جائزہ لیا جا رہاہے کہ دیگر خانقاہوں‘ مدارس اور درگاہوں سے بھی رابطہ کرتے ہوئے ان مقامات پر کورونا وائرس کی ٹیکہ اندازی مہم چلائی جائے اور کیمپ لگائے جائیں۔ مولانا سید احمدالحسینی المعروف سعید قادری صدر قادریہ انٹرنیشنل نے بتایا کہ کورونا وائرس سے محفوظ رہنے اور اسے پھیلنے سے روکنے کیلئے ٹیکہ اندازی ناگزیر ہے اور ٹیکہ کے حصول سے گریز نہیں کیا جانا چاہئے ۔ انہوںنے بتایا کہ سعید منزل میں ٹیکہ اندازی کیمپ سے ایک یوم قبل خلق میموریل اسکول اندرون احاطہ درگاہ حضرت سید یحییٰ پاشاہ قادری ؒ مصری گنج میں بھی ایک یوم کا ٹیکہ اندازی کیمپ لگایا گیا تھا ۔مولانا سید احمد الحسینی سعید قادری نے کہا کہ اگر شہر کی تمام خانقاہوں اور بارگاہوں کے ذمہ داران کی جانب سے اس طرح کے ٹیکہ اندازی کیمپ کا انعقاد عمل میں لایا جاتا ہے تو ایسی صورت میں حالات بہتر ہوسکتے ہیںاور لوگوں میں کورونا وائرس کے ٹیکوں کے متعلق خدشات کو دور کیا جاسکتا ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ پرانے شہر میں موجود مذہبی مقامات پر کورونا وائرس کی ٹیکہ اندازی مہم کے سلسلہ میں مشاورت کے بعد قطعی فیصلہ کیا جائے گا اور عوام میں شعور بیداری مہم چلائی جائے گی۔