پرانے شہر میں 16 ستمبر کو پاسپورٹ مرکز کا افتتاح متوقع

   

چادر گھاٹ میٹرو ریل اسٹیشن کی عمارت میں مرکز کے قیام کے لیے زور و شور سے تیاریاں جاری
حیدرآباد۔8۔ ستمبر ۔ (سیاست نیوز) پرانے شہر میں پاسپورٹ سیوا کیندر کے قیام کے سلسلہ میں تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں اور 16 ستمبر کو اس پاسپورٹ سیوا کیندر کا افتتاح عمل میں لائے جانے کے سلسلہ میں اقدامات کا عہدیداروں کی جانب سے جائزہ لینے کے بعد کہا گیا ہے کہ مہاتما گاندھی میٹرو اسٹیشن میں قائم کئے جانے والے اس مرکز کو 16 ستمبر سے قبل مکمل طور پر تیار کرلیا جائے گا۔ مہاتما گاندھی میٹرو ریل اسٹیشن کی عمارت میں قائم کئے جانے والے پاسپورٹ سیوا کیندر کے قیام سے پرانے شہر کے عوام کو کافی سہولت حاصل ہوگی اور انہیں ٹولی چوکی ‘ امیر پیٹ یا بیگم پیٹ کے مراکز پہنچ کر اپنی پاسپورٹ درخواستیں داخل نہیں کرنی پڑیں گی بلکہ وہ پرانے شہر کے علاقہ چادرگھاٹ میں قائم کئے جانے والے اس پاسپورٹ سیوا کیندر کے ذریعہ اپنی پاسپورٹ درخواستوں کو داخل کرسکیں گے۔ پرانے شہر کے عوام جو کہ کئی برسوں سے اس سہولت سے محروم تھے انہیں پرانے شہر میں پاسپورٹ سیوا کیندر کے قیام کے اعلان کے بعد راحت حاصل ہوئی ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ 16ستمبر کو پاسپورٹ سیوا کیندر کے افتتاح کے بعد مرکزی وزارت خارجہ کو شہر حیدرآباد کے اس خطہ میں پاسپورٹ سیوا کیندر کی ضرورت کا اندازہ ہوگا اور جلد ہی پرانے شہر کے علاقوں کے لئے اضافی منی پاسپورٹ سیوا کیندر کے قیام کے ذریعہ سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کئے جائیں گے۔3