کانگریس امیدوار نے ترقی کا نعرہ دیا، عوام میں تبدیلی کا رجحان
حیدرآباد۔/22 نومبر، ( سیاست نیوز) پرانے شہر کی ترقی کو جس طرح کئی دہوں سے نظرانداز کیا جارہا ہے اس کے تحت حلقہ اسمبلی چارمینار بری طرح پسماندگی کا شکار ہے۔ چارمینار اسمبلی حلقہ مجلس کا مضبوط گڑھ مانا جاتا ہے لیکن رائے دہندے مسلسل نظرانداز کئے جانے سے ناراض ہیں اور اس مرتبہ عوام کی تائید کے نتیجہ میں کانگریس پارٹی مجلس کو سخت مقابلہ دے رہی ہے۔ کانگریس کے امیدوار مجیب اللہ شریف ایڈوکیٹ نے پدیاترا کے ذریعہ رائے دہندوں سے ملاقات کو اپنا معمول بنایا ہے۔ عام جلسوں سے زیادہ وہ گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کررہے ہیں تاکہ کانگریس کی 6 ضمانتوں سے واقف کرایا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر شعبہ میں پرانے شہر کو نظرانداز کردیا گیا اور جب کبھی الیکشن آتا ہے تو چارمینار کے رائے دہندوں کے آگے ایک نیا امیدوار پیش کردیا جاتا ہے تاکہ سابق رکن اسمبلی پر عوامی ناراضگی کا مجلس کے امکانات پر اثر نہ پڑے۔ مجلس نے سابق میئر ذوالفقار علی کو امیدوار بنایا ہے جو عوامی خدمات سے زیادہ قیادت سے قربت کیلئے شہرت رکھتے ہیں۔ چارمینار سے موسوم یہ حلقہ اس لئے بھی ترقی کا متقاضی ہے کیونکہ علاقہ میں روزانہ ہزاروں سیاح ملک اور بیرون ملک سے چارمینار، مکہ مسجد اور سالار جنگ میوزیم دیکھنے کیلئے آتے ہیں۔ سیاحوں کو یہ دیکھ کر مایوسی ہوتی ہے کہ تاریخی عمارت کے اطراف کا علاقہ پسماندگی کا شکار ہے۔ مجیب اللہ شریف نے پرانے شہر کی پسماندگی کیلئے مجلس کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ مجلسی قیادت کیلئے پرانے شہر کے عوام ووٹ بینک سے زیادہ کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔ انہیں امید ہے کہ چارمینار اسمبلی حلقہ کے رائے دہندے اس مرتبہ کانگریس پارٹی کو خدمت کا موقع دیں گے تاکہ پرانے شہر میں ترقیاتی کاموں کا احیاء عمل میں آئے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران عوام کو علاقہ کی پسماندگی کا شدت سے احساس ہے۔ اگر وہ منتخب ہوجائیں تو چارمینار کو ترقی کے معاملہ میں ملک کا مثالی حلقہ بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔