پرانے شہر کیلئے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کا اولڈ سٹی ڈیکلریشن

   

تعلیم، صحت اور خوشحالی جیسے مسائل کا احاطہ، سمیر ولی اللہ اور نظام الدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔/30 اگسٹ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے پرانے شہر کی ہمہ جہتی ترقی اور عوام کی بھلائی کیلئے ڈیکلریشن جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ نے پارٹی ترجمان سید نظام الدین کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پرانے شہر کو درپیش مسائل پر مبنی ایک جامع اولڈ سٹی ڈیکلریشن تیار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو حالیہ برسوں میں پرانے شہر میں استحکام حاصل ہوا ہے۔ سابق میں پرانے شہر کے اسمبلی حلقہ جات میں مقابلہ کیلئے کانگریس کو امیدوار دستیاب نہیں تھے لیکن اس مرتبہ پرانے شہر کی نشستوں کیلئے ٹکٹ کے دعویداروں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ چارمینار، یاقوت پورہ، چندرائن گٹہ، بہادر پورہ اور ملک پیٹ اسمبلی حلقہ جات کیلئے 50 سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹکٹ کیلئے قائدین میں کافی مسابقت ہے اور بیشتر خواہشمند مضبوط دعویدار ہیں۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ کانگریس پارٹی پوری شدت کے ساتھ مقابلہ کرے گی۔ مجلس اور بی جے پی طویل عرصہ سے پرانے شہر میں کامیابی حاصل کررہے ہیں کیونکہ ان دونوں پارٹیوں میں خفیہ مفاہمت ہے جس کے ذریعہ عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ مجلس 1969 سے پرانے شہر میں منتخب ہورہی ہے۔ 1981، 2000 ، 2004 ، 2009 ، 2014 اور 2020 بلدی انتخابات میں مجلس اور بی جے پی امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ 1984 میں 7 اسمبلی حلقہ جات میں مجلس نے 6 اور بی جے پی نے ایک گوشہ محل پر کامیابی حاصل کی۔ کانگریس پارٹی نے پرانے شہر کیلئے نیا ایجنڈہ طئے کیا ہے جو اسمبلی انتخابات میں پیش کیا جائے گا۔ ناخواندگی، بیروزگاری، پسماندگی، بلدی سہولتوںکی کمی، عوامی صحت، جرائم میں اضافہ، غریبوں کیلئے مکانات، میٹرو ریل پراجکٹ، فینانسرس کے مظالم اور پولیس ہراسانی جیسے امور کا احاطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین غیرسرکاری تنظیموں، نوجوانوں اور سوشیل ورکرس سے ملاقات کرتے ہوئے رائے حاصل کریںگے۔ سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر اور ای میل آئی ڈی کے ذریعہ بھی تجاویز قبول کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ مجلس نے پرانے شہر کی ترقی اور عوام کی بھلائی کو نظر انداز کردیا ہے۔