کئی برس گذرنے کے باجود مختلف پراجکٹس کی عدم تکمیل ، نئے شہر میں تیز رفتار ترقیاتی سرگرمیاں
حیدرآباد۔ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ برسوں سے جاری ہے اور اب تک مکمل نہیں کیا گیا لیکن مجوزہ بلدی انتخابات کے پیش نظر نئے نئے پراجکٹس کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے ٹنڈر طلب کرنے کے اعلانات کئے جا رہے ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے پرانے شہر کے علاقہ چارمینار کے قریب دو ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کے اعلانات کئے گئے تھے اور ان اعلانات کو کئی برس گذر چکے ہیں۔ یہ اعلانات صرف حکومت تلنگانہ کی جانب سے نہیں کئے گئے تھے بلکہ حکومت آندھراپردیش کے دور میں بھی خلوت مبارک کے روبرو سابقہ خزانۂ عامرہ کی اراضی پر ہمہ منزلہ پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا گیا تھا اور قیام تلنگانہ کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے چارمینار بس اسٹینڈ اور خلوت میں پارکنگ کامپلکس کا اعلان کیا گیا تھا لیکن ان دونوں مقامات پر اب تک کوئی تعمیری و ترقیاتی سرگرمیوں کا آغاز نہیں کیا جاسکا ہے اور حکومت تلنگانہ کے محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے حسین ساگر نکلس روڈ پر نائٹ بازار کے قیام کے علاوہ مہدی پٹنم پر اسٹیل برج کی تعمیر کے لئے ٹنڈر طلب کرنے کے اعلان کئے گئے ہیں ۔ شہریوں کا احساس ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے پرانے شہر کی ترقی کے سلسلہ میں غیر سنجیدگی کا یہ ثبوت ہے کہ ریاستی حکومت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے پرانے شہر کی ترقی کیلئے کئے جانے والے اعلانات پر عمل آوری یقینی بنانے کے بجائے پرانے شہر میں صرف اعلانات کئے جاتے ہیں اور اگر کسی مقام پر کاموں کا آغاز کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں طویل مدت تک ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رہتا ہے ۔
حکومت کی جانب سے نئے شہر کے علاقہ میں تالاب میں برج کی تعمیر کو اندرون دو سال مکمل کرنے کے ریکارڈ کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ زمین پر پرانے شہر میں دو برج زیر تعمیر ہیں اور تین برس سے ان علاقوں سے گذرنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے پرانے شہر کے متعلق اختیار کردہ رویہ کے سلسلہ میں کہا جارہا ہے کہ پرانے شہر کے ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں منتخبہ عوامی نمائندوں کی عدم دلچسپی اور ترقیاتی کاموں کے آغاز میں پیدا ہونے والے مسائل ہیں جنہیں دور کرنے کیلئے ہی کافی وقت لگتا ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے جس طرح نئے شہر کے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کو تیز رفتار کے ساتھ مکمل کیا جاتا ہے اسی طرح اگر پرانے شہر کے علاقوں میں بھی ترقیاتی کاموں کو تیزی کے ساتھ مکمل کرنے کے اقدامات کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں پرانے شہر کی بھی تیز رفتار ترقی ممکن ہے۔