پرانے شہر کی ترقی کانگریس دور حکومت کی مرہون منت

   

چارمینار میں عوامی تائید کا دعویٰ، کانگریس امیدوار مجیب اللہ شریف کا انتخابی جلسہ
حیدرآباد۔/21 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس قائدین نے حلقہ اسمبلی چارمینار کے رائے دہندوں سے اپیل کی ہے کہ ایک مرتبہ کانگریس کو اسمبلی کیلئے منتخب کریں تاکہ علاقہ کی پسماندگی کا خاتمہ ہو اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوسکے۔ کانگریس امیدوار مجیب اللہ شریف کی انتخابی مہم کے طور پر مغلپورہ میں جلسہ عام منعقد ہوا۔ صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ کے علاوہ شہر کے کانگریس قائدین نے خطاب کیا۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ مجلس نے پرانے شہر کے عوام کو محض ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا ہے۔ گذشتہ 50 برسوں سے چارمینار حلقہ کے عوام ترقی اور فلاح و بہبود سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ترقیاتی سرگرمیوں پر عمل آوری میں مجلس اہم رکاوٹ ہے۔ کانگریس دور حکومت میں پرانے شہر کی ترقی کیلئے کئی اقدامات کئے گئے۔ پرانے شہر میں میٹرو ٹرین کے آغاز کا فیصلہ کانگریس حکومت نے کیا تھا۔ قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذریعہ پرانے شہر کی ترقی اور ادارہ سٹ ون کے تحت بیروزگار نوجوانوں کو مختلف پیشہ ورانہ کورسیس میں تربیت کا اہتمام کیا جاتا رہا لیکن بی آر ایس حکومت نے دونوں اداروں کو مفلوج بنادیا ہے۔کانگریس نے اولڈ سٹی ڈیولپمنٹ ڈیکلریشن ترتیب دیا ہے جس کے تحت جامع ترقیاتی منصوبہ پر عمل کیا جائے گا۔ امیدوار مجیب اللہ شریف نے عوام سے وعدہ کیا کہ وہ منتخب ہونے کے بعد 24 گھنٹے عوامی خدمت کیلئے وقف ہوجائیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بوگس رائے دہی سے بچنے کیلئے 30 نومبر کو اول وقت اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے عوام سے جن 6 ضمانتوں کا وعدہ کیا ہے ان پر برسراقتدار آتے ہی عمل کیا جائے گا۔ مجیب اللہ شریف نے دعویٰ کیا کہ حلقہ میں کانگریس کو عوامی تائید میں اضافہ ہوا ہے۔