بیوہ اور مستحق خواتین کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لئے اقدام
شاہ علی بنڈہ میں ‘زیبس اسکلس سنٹر ‘ کا جناب اسد الدین اویسی نے افتتاح انجام دیا
حیدرآباد۔ 31 مئی ۔ ( پریس نوٹ ) پرانے شہر حیدرآباد کے علاقہ شاہ علی بنڈہ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کی جانب سے بیوہ خواتین کو با اختیار بنانے کے مقاصد سے ‘ ‘زیبس اسکلس سنٹر ‘ قائم کیا گیا ہے جس کا افتتاح کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے صدر اور حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ جناب اسد الدین اویسی نے انجام دیا۔ اس موقع پر اسد الدین اویسی نے زیبس اسکلس سنٹر کے قائم کرنے پر ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے چیئرمین محمد لطیف خان اور ان کے ساتھیوں کو مبارکباد پیش کی۔ اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ ضرورتمند وں کے لئے مدد گار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سنٹر پر سلائی کے ساتھ ہی ساتھ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت کا بھی انتظام ہے ۔ ایسی بیوہ خواتین جو اپنی تعلیم جاری نہ رکھ سکے وہ اپنی زندگی سدھار سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کے اور سنٹرز کے قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے چیر مین لطیف خان صاحب کو طویل عرصہ سے جانتے ہیں ۔ تعلیم کے حوالہ سے جب بھی حیدرآباد کے باہر لطیف صاحب کا ذکر ہوتا ہے انہیں فخر کا احساس ہوتا ہے۔ ایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے چیئر مین محمد لطیف خان نے ایم ایس کے یتیم طلبہ کے لئے منعقدہ سالانہ پروگرام ‘ ہمت ڈے ‘ کے موقع پر ایم ایس میں زیرِ تعلیم یتیم طلبہ کے بیوہ والداؤں کو با اختیار بنانے کے لئے مختلف فلاحی کاموں کا اعلان کیا تھا جس میں دوسرے پروگرامس کے ساتھ حیدرآباد میں بیوہ خواتین کے لئے ایک اسکل ڈیویلپمنٹ سینٹر شروع کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا تھا۔ آج پرانے شہر حیدرآباد کے شاہ علی بنڈہ نیو روڈ پر ‘ زیبس اسکلس سنٹر’ کی شروعات کی گئی۔ یہ سنٹرایم ایس ایجوکیشن اکیڈیمی کے چیئرمین محمد لطیف خان کی والدہ محترمہ زیب انساء کے نام سے منسوب ہے۔محمد لطیف خان نے کہا کہ وہ بچپن میں ہی یتیم ہو گئے تھے اور وہ اپنی والدہ پر گذرنے والی پریشانیوں سے بخوبی واقف ہیں اور یہی احساس ‘زیبس اسکلس سنٹر ‘ کے قیام کا محرک ہے۔ اس موقع پر محمد لطیف خان نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اس مرکز کا افتتاح کرنا ہمارے لیے ایک قابل فخر لمحہ ہے، زیبس اسکلس سینٹر بیواؤں اور مستحق خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے مسلسل کام کرے گا۔ زیبس اسکل سنٹر متعدد مستحق استفادہ کنندگان کو مختلف مہارتوں کی تربیت کے ذریعہ با اختیار بنانا چاہتا ہے جس میں تمام کورسس مفت میں فراہم کئے جائیں گے۔ اس مرکز میں ٹیلرنگ، ریٹیل ٹریننگ، انفارمیشن انیبلڈ سروسس، مائیکرو انٹرپرائز ڈیویلپمنٹ پروگرامس، سیلف ہیلپ گروپس، روشنی کلبس اور ساتھی ہیلپ ڈیسک شامل ہیں۔ زیبس اسکلس سنٹر کے انتظام کی ذمہ داری، خواتین کی فلاح کیلئے کام کرنے والے غیر سرکاری ادارہ ‘ صفا ‘ کے حوالہ کی گئی ہے۔زیبس اسکلس سنٹر کی افتتاحی تقریب میں امتیاز اسحاق چیئر مین تلنگانہ اسٹیٹ مینارٹیس فینانس کارپوریشن نے شرکت کی۔ اس موقع پر ایم ایس کے منیجینگ ڈائریکٹر انور احمد اور سینئر ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد معظم حسین نے رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کا شکریہ ادا کیا۔ ایم ایس کے وائس چئیر پرسن نزہت صوفی خان نے بھی شرکت کی۔