اڈیشنل کمشنر آف پولیس لاء اینڈ آرڈر دیویندر سنگھ کا بیان
حیدرآباد : پرانے شہر میں منائی گئی عید موجودہ حالات میں ایک زبردست پیغام دیتی ہے۔ عید کے موقع پر شہریوں کا تعاون اور کورونا شرائط پر عمل آوری اپنے آپ میں ایک بہترین مثال ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل کمشنر آف پولیس لاء اینڈ آرڈر حیدرآباد مسٹر دیویندر سنگھ چوہان نے کیا۔ پرانے شہر میں حالات کا جائزہ لینے کے لئے کمشنر پولیس انجنی کمار بھی پرانا شہر پہونچ گئے اور گھوڑ سواری کرتے ہوئے پرانے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ایڈیشنل کمشنر چوہان ان دنوں لاک ڈاؤن پر عمل آوری کے لئے ساؤتھ زون کے انچارج مقرر کئے گئے تھے۔ انھوں نے چارمینار کے دامن میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ شہر اور شہریوں کو کوویڈ ۔ 19 سے بچانے کی فکر ہی نہیں بلکہ جذبہ اب شہریوں میں دکھائی دے رہا ہے۔ پرانے شہر میں عوام بہترین طریقہ سے شرائط پر عمل آوری کررہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں منائی گئی عیدالفطر کے ماحول نے انھیں متاثرہ کیا ہے۔ انھوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اسی طرح سے چوکسی و احتیاط سے کام لیں اور متحدہ جدوجہد ہی کے ذریعہ کورونا کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔