پرانے شہر کی غربت کے لیے مقامی جماعت ذمہ دار

   

رکن پارلیمنٹ و ارکان اسمبلی کروڑ پتی ، شیخ عبداللہ سہیل کا بیان
حیدرآباد ۔ 27 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل نے پرانے شہر کی پسماندگی اور عوامی غربت کے لیے مقامی جماعت کو ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ ہیلپنگ ہینڈ فاونڈیشن کی جانب سے پرانے شہر میں کئے گئے سروے کا حوالہ دیتے ہوئے استفسار کیا کہ پرانے شہر کے اس حالت کے لیے ذمہ دار کون ہیں ۔ 63 فیصد پرانے شہر کے عوام سطح غربت سے نیچے زندگی گذار رہے ہیں ۔ جب کہ پرانے شہر کی نمائندگی کرنے والے رکن پارلیمنٹ ارکان اسمبلی کروڑ پتی بن چکے ہیں ۔ شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ پرانے شہر کے عوام کی اکثریت یومیہ اجرت پر کام کرنے والے آٹو ڈرائیورس ، ترکاری پھل وغیرہ فروخت کرنے والوں کی ہیں ۔ ہیلپنگ ہینڈ فاونڈیشن کے سروے میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ پرانے شہر کے 63 فیصد عوام سطح غربت سے نیچے زندگی گذار رہے ہیں اور جو آٹو ڈرائیورس ہیں ان میں 43 فیصد آٹوز فینانس پر حاصل کئے گئے ہیں ۔ 73 فیصد آٹو ڈرائیورس کرائے کے مکانات میں زندگی گذار رہے ہیں ۔ جب کہ پرانے شہر میں برسوں سے کامیاب ہونے والی سیاسی جماعت کے اثاثہ جات ہزاروں کروڑ میں پہونچ چکے ہیں اور اسی جماعت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ ان کے پاس 5000 کروڑ روپئے کے پارٹی فنڈ اور اثاثہ جات ہیں ۔ پرانے شہر کے عوام غریب کے غریب رہ گئے مگر عوامی منتخب نمائندوں کی جائیدادیں ، اثاثہ جات اور آمدنی میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے ۔۔