پرانے شہر کے بارش سے متاثرہ علاقوں میں 70 فیصد افراد فنگل انفیکشن کا شکار

   

10 فیصد عوام بخار اور جسمانی درد ، 20 فیصد عوام دست سے متاثر ، ہلپنگ ہینڈ فاونڈیشن کے سروے میں انکشاف
حیدرآباد :۔ ہیلپن ہینڈ فاونڈیشن کی جانب سے کرائے گئے سروے میں چونکا دینے والے انکشافات ہوئے ہیں ۔ پرانے شہر میں پانی میں گھیرے ہوئے 70 فیصد عوام فنگل انفیکشن کا شکار ہیں ۔ 10 فیصد عوام بخار اور جسم درد ، 20 فیصد عوام دست و قئے سے ماثر ہونے کا سروے کے ذریعہ پتہ چلا ہے ۔ فاونڈیشن کے ذمہ داروں نے بتایا کہ پرانے شہر کے مختلف مقامات پر جہاں کی عوام پانی میں محصور ہیں یا پانی میں پھنسے ہوئے ایسے 300 افراد سے رابطہ پیدا ہوگیا ۔ ان کی جانب سے فراہم کردہ معلومات چونکا دینے والی ثابت ہورہی ہے ۔ فاونڈیشن متاثرین کو ٹیلی میڈیسن خدمات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے ۔ ساتھ ہی ادویات وغیرہ بھی فراہم کی جائے گی ۔ ضرورت مند افراد طبی خدمات کے لیے ہیلپ لائن نمبر 8790679505 پر ربط کرسکتے ہیں ۔ گریٹر حیدرآباد گذشتہ ایک ہفتہ سے بارش اور سیلاب کے پانی سے تباہی و بربادی کا شکار ہے ۔ آج بھی کئی بستیاں اور کالونیاں پانی میں محصور ہیں یا جن بستیوں اور کالونیوں سے پانی کی نکاسی ہوئی ہے وہاں جگہ جگہ ملبہ اور کچرے کے ڈھیر ، کیچڑ وغیرہ پھیلا ہوا ہے ۔ جس سے وبائی امراض جنم لے رہے ہیں ۔ ڈاکٹرس اور ماہرین طب نے عوام کو احتیاطی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ آلودہ پانی اور پینے کے پانی کے پائپ لائن کئی مقامات پر گھل مل گئے ہیں ۔ لہذا عوام پانی گرم کر کے استعمال کریں بصورت دیگر مختلف امراض کا شکار ہونے کے خدشات ہیں ۔ ہیضہ پھوٹ پڑنے کے امکانات کو بھی ہرگز نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ آلودہ پانی کے استعمال سے دست و قئے ، پیٹ میں درد ، رگوں کے انفیکشن ہونے کے بھی خطرات ہیں ۔ سرد ماحول میں زیادہ گھومنے پھرنے سے احتراز کریں۔ بارش میں بھیگ کر گھر پہونچنے والے گرم پانی سے نہائیں ۔ سڑکوں پر جمع پانی میں زیادہ چلنے پھرنے سے فنگل انفیکشن ہونے کے زیادہ خطرات ہیں ۔ کیچڑ میں گیلے ہوئے جوتے چپلوں کو صاف دھو کر رکھنا چاہئے ۔ باہر سے جب بھی گھر پہونچے ہاتھ صاف دھولیں ۔ سینی ٹائیزر کا لازمی طور پر استعمال کریں ۔ گرم کھانا کھائیں ، پانی میں کلورین کی گولیاں ملائیں ، کھانسی ، بخار ، سردی سے متاثر ہوں تو گھروں سے باہر نہ نکلیں ۔ قوت مدافعت کم رہنے والے بچے اس موسم میں زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں ۔ ایسے بچوں کو گھروں سے زیادہ باہر نہ لیجائیں اور مچھروں سے بچائیں ۔ بچوں کو میوہ جات ، ترکاری ، دودھ ، چپاتی وغیرہ کھانے میں زیادہ دی جائے ۔ 48 گھنٹوں سے زیادہ بخارہو تو فوری ڈاکٹرس سے رجوع ہوں اور زیادہ سے زیادہ احتیاط برتنے کو ترجیح دیں ۔۔