حیدرآباد : 9 اگست ( سیاست نیوز) وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ پرانے شہر کے زیرالتواء ترقیاتی کاموں کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ کے ٹی آر نے پرانے شہر کی ترقی پر آج جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ زیر تعمیر فلائی اوورس ، نالوں اور سڑکوں کی توسیع اور دیگر اُمور کا جائزہ لیا گیا ۔ کے ٹی آر نے پرانے شہر میں ڈبل بیڈروم مکانات کی تعمیر ، ذخائر آب کے تحفظ پینے کے پانی کی پائپ لائین تعمیر اور دیگر سہولتوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں ۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کی ترقی کے کاموں میں مزید تیزی پیدا کی جائے اور ترقیاتی کاموں میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہیئے ۔ انہوں نے کہا کہ کاموں میں رکاوٹ پر انہیں اطلاع دی جائے ۔ انہوں نے عہدیدارو ں سے کہا کہ وہ مقامی نمائندوں کے ساتھ بہتر تال میل کے ذریعہ کاموں کی تکمیل کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پرانے شہر میں ترقیاتی کاموں و بہتر سہولتو ں کی فراہمی میں سنجیدہ ہے ۔ اجلاس میں حیدرآباد ایم پی اسد اویسی ، پرنسپل سکریٹری اروند کمار ، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار اور دیگر موجود تھے ۔