ہر شخص کیلئے کورونا ٹسٹ لازمی ، خود کو محفوظ تصور کرنا خطرہ سے خالی نہیں: اسد اویسی
حیدرآباد: پرانے شہر کے سلطان شاہی علاقہ میں کورونا ٹسٹ کے لئے اینٹی جینٹ ٹسٹ سنٹر کا قیام عمل میں آیا۔ سلطان شاہی کے پلے گراؤنڈ میں یہ سنٹر آج سے کارکرد ہوچکا ہے جہاں روزانہ 75 تا 100 افراد کا ٹسٹ کیا جائے گا ۔ رکن پارلیمنٹ حیدرآباد اسد الدین اویسی اور رکن اسمبلی ممتاز احمد خاں نے ٹسٹنگ سنٹر کا افتتاح انجام دیا۔ اس موقع پر اسد اویسی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کی سنگینی محسوس کرتے ہوئے لازمی طور پر اپنا ٹسٹ کرائیں۔ مرکز اور ریاست کی جانب سے جو بھی مراکز قائم کئے گئے ہیں، وہاں مفت میں ٹسٹ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کورونا کے مریضوں اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ بالا پور کے قبرستان میں گزشتہ ڈھائی ماہ کے دوران 170 سے زائد افراد کی تدفین عمل میں آئی ، ان میں زیادہ تر کورونا سے فوت ہونے والے شامل ہیں۔ اسد اویسی نے کہا کہ خود کو کورونا کی علامات سے محفوظ تصور کرنا دراصل آفت کو دعوت دینا ہے۔ کورونا کیلئے علامات کا ہونا ضروری نہیں ہے۔ لہذا ہر شخص کو رضاکارانہ طور پر ٹسٹ کروانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ایسے لوگ جو خود کو مضبوط اور کورونا سے محفوظ ہونے کا دعویٰ کر رہے تھے ، وہی وائرس کا شکار ہوئے اور ان میں سے کئی آج ہمارے درمیان نہیں ہے۔ انہوں نے بقرعید کے موقع پر مقامی مساجد میں نماز کی ادائیگی کا مشورہ دیا اور کہا کہ کمسن بچے اور 60 سال سے زائد عمر کے افراد مساجد جانے سے گریز کریں اور گھر پر رہیں۔ شوگر ، قلب ، استھما کے شکار یا پھر زیادہ وزن رکھنے والے افراد کو احتیاط کی ضرورت ہے۔ مساجد میں اپنی جانماز کے ساتھ فرش پر نماز ادا کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے متاثرہ قصاب بھی دوسروں کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں ، لہذا قریش برادری کو اپنا ٹسٹ کرانا چاہئے ۔
