پارلیمنٹ میں وزیر اعظم کا بیان تلنگانہ کی توہین ، محمد علی شبیر کا ردعمل
حیدرآباد۔/7 فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے وزیر اعظم نریندر مودی پر تلنگانہ عوام کی توہین کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کی پارلیمنٹ میں منظوری کے طریقہ کار پر اعتراض کرتے ہوئے پھر ایک بار تلنگانہ عوام کی توہین کی ہے۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ وزیر اعظم کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ بی جے پی کانگریس کی جانب سے نئی ریاست کی تشکیل سے خوش نہیں ہے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ وزیر اعظم کے ریمارکس پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ خاموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 1969 سے علحدہ تلنگانہ کیلئے مختلف مراحل میں جدوجہد کی گئی اور سینکڑوں افراد نے اپنی جانیں قربان کیں۔ جدوجہد اور قربانیوں کے نتیجہ میں علحدہ ریاست تشکیل پائی ہے۔ کانگریس زیر قیادت یو پی اے حکومت نے عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے پارلیمنٹ میں آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون کو منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے پارلیمنٹ میں بادل نخواستہ بل کی تائید کی تھی ۔ انہوں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے دیگر قائدین اس سے قبل بھی ریاست کی تشکیل کے طریقہ کار پر اعتراض کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کروڑہا عوام کی قربانیوں اور اُمنگوں کے نتیجہ میں قائم علحدہ ریاست پر نکتہ چینی کرنا عوام کی توہین کے مترادف ہے۔ انہوں نے کے سی آر کی خاموشی پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ خود کو تلنگانہ کا چمپین قرار دینے والے کے سی آر کیوں خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں کیا نریندر مودی کا خوف طاری ہے یا پھر کے سی آر مودی کے خیالات سے اتفاق رکھتے ہیں؟۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ وزیر اعظم کے بیان سے علحدہ تلنگانہ ریاست کو بی جے پی کی تائید محض ڈھکوسلہ ثابت ہوچکی ہے۔ بی جے پی کو علحدہ ریاست کے قیام سے کوئی دلچسپی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے بیان سے عوام میں پھیلی بے چینی اور ناراضگی کو دور کرنے کیلئے بی جے پی قائدین کو تلنگانہ عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہیئے۔ محمد علی شبیر نے جوبلی بس اسٹیشن سے مہاتما گاندھی بس اسٹیشن تک میٹرو ریل کے آغاز کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ املی بن سے فلک نما راہداری جس کا تین سال قبل چیف منسٹر کے سی آر نے وعدہ کیا تھا کب شروع ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر کی عوام کو میٹرو ریل کے فوائد سے کیوں محروم رکھا گیا ہے۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ میٹرو ریل پراجکٹ کانگریس دور حکومت کا شروع کردہ ہے۔