پرانے شہر کے مدینہ سرکل پر ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کیا جائے

   

حکومت سے کانگریس لیڈر ہنمنت راؤ کا مطالبہ
حیدرآباد ۔22۔نومبر (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے پرانے شہر کے مدینہ سرکل پر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے کا مطالبہ کیا۔ گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ 2019 میں جئے بھیم تنظیم کے کارکنوں نے پنجہ گٹہ سرکل پر ڈاکٹر امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے کی کوشش کی۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے مجسمہ کو نصب کرنے کی اجازت نہیں دی۔ مجسمہ کو جواہر نگر ڈمپنگ یارڈ میں پھینک دیا گیا تھا۔ ہنمنت راؤ کے مطابق انہوں نے نیا مجسمہ حاصل کرتے ہوئے پنجہ گٹہ سرکل پر نصب کرنے کی مساعی کی لیکن پولیس نے مجسمہ کو تحویل میں لے کر گوشہ محل پولیس اسٹیشن منتقل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ امبیڈکر کا مجسمہ ابھی بھی پولیس کی تحویل میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد وہ مجسمہ کی دوبارہ تنصیب کی مساعی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس امبیڈکر کے نظریات کے خلاف نہیں ہے ، لہذا امبیڈکر جینتی کے موقع پر مجسمہ کو پرانے شہر کے مدینہ سرکل پر نصب کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صدر مجلس اسد اویسی مدینہ چوراہے پر مجسمہ کی تنصیب سے اتفاق کریں گے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کو پرانے شہر میں مجسمہ امبیڈکر کی تنصیب کی مساعی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ دلتوں اور کمزور طبقات کو سماجی انصاف دلانے کے لئے ڈاکٹر امبیڈکر نے مساعی کی تھی، ان کے مجسمہ کی تنصیب پر کسی کو اعتراض نہیں ہوسکتا۔ 1